رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے سودی نظام، کرپشن اور غربت کے خاتمے کیلئے اقدامات نہیں کئے، ملک کو معاشی استحکام بنانے کیلئے عوام، تاجر اور صنعتکار دوست پالیسیاں بنانی ہونگی، کراچی ملک کا معاشی حب ہے۔
انہوں نے کہا : بیرونی سرمایہ داروں کی پاکستان میں سرمایہ داری کرنے کی دلچسپی خوش آئند ہے، امن و امان کی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے، انشاء اللہ جلد ملک سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا، ردالفساد آپریشن کو بھرپور طریقے سے کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اپنی رہائش گاہ قادری ہاؤس پر سرجانی ٹاؤن سے آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف یکجا اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وطن عزیز کی سلامتی و خوشحالی اور ترقی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اسلام کے چور اور ملک کے غدار ہیں، امن کو سبوتاژ کرنے کی کسی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دینگے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن تو قائم ہوگیا، مگر ترقی میں شہری حکومت کی کارکردگی صفر ہے، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں نے شہریوں کو مفلوج کر دیا ہے، عوام پریشان حال ہیں، مگر شہری حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی، کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک بند کیا جائے۔