رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیرقانون رانا ثناء اللہ کے ایماء پر مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی کا اغواء قابل مذمت ہے، ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
حجت الاسلام اقتدار نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ناصر شیرازی نے صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ کے خلاف آئینی پیٹیشن لاہور ہائی کورٹ میں دائر کر رکھی ہے جس کی سماعت دو رکنی بینچ کر رہا ہے، پنجاب حکومت اپنی موت سامنے دیکھ کر راستے سے ہٹانا چاہتی ہے۔
پریس کانفرنس میں ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی، سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما مطلوب بخاری، سرائیکستان نوجوان تحریک کے سربراہ مہر مظہر عباس کات اور دیگر بھی موجود تھے۔
رہنمائوں نے کہا کہ ناصر شیرازی کے اغواء کے ذمہ دار شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ ہیں، اگر انہیں کسی بھی قسم کا نقصان پہنچا تو حالات کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہو گی۔
حجت الاسلام اقتدار نقوی کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف، چیف جسٹس اور سیکیورٹی ایجنسیاں اس واقعے کا جلد ایکشن لیں، اگر ناصر عباس شیرازی کو رہا نہ کیا گیا تو جمعہ کو ملک گیر احتجاجی مظاہرے ہیں، لاہور میں وزیراعلٰی ہائوس کا گھیرآو کریں گے، فیصل آباد میں صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ کے گھر کا گھیرائو کریں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کو سیاست دانوں نے گھر کی لونڈی سمجھ رکھا ہے، ایک طرف ہمارے جوانوں کو لاپتہ کیا جا رہا ہے دوسری طرف ہمارے رہنمائوں کا اغواء اس حکومت کو لے ڈوبے گا، وزیراعلٰی پنجاب اس وقت قاتل اعلی بن چکا ہے، سانحہ ماڈل ٹائون سے لے کر کل کے واقعے تک ایک ایک ظلم کا حساب لیں گے، اُنہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مطالبہ کیا کہ مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کو فی الفور رہا کرایا جائے۔
حجت الاسلام اقتدار نقوی نے کہا کہ کل جمعہ کو ملتان، مظفرگڑھ،لیہ، بھکر، ڈیرہ غازیخان، میانوالی، بہاولپور، رحیم یار خان میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/