03 December 2017 - 14:11
News ID: 432079
فونت
آغا سید حسن الموسوی الصفوی :
انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ نے کہا کہ اگر اب بھی مسلمان استکباری قوتوں کی اس سازش کو ناکام بنانے کیلئے سنجیدہ نہیں ہوئے تو امت مسلمہ کا مستقبل مخدوش ہوکر رہے گا۔
حجت الاسلام  سید حسن الموسوی الصفوی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے ’’ہفتہ وحدت‘‘ کی تقریبات کے سلسلے میں امام بارگاہ ماگام میں ایک پُروقار محفل میلاد منعقد ہوئی۔

اس تقریب کے بعد ازاں انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی قیادت میں میر کمپلکس ماگام سے جلوس میلاد النبی (ص) برآمد ہوا، جو امام بارگاہ ماگام میں اختتام پذیر ہوا۔

جلوس میں جامعہ باب العلم سے منسلک شاخہائے مکاتب کے ہزاروں طلباء و طالبات کے علاوہ عاشقان رسول اکرم (ص) کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔

امام بارگاہ ماگام میں محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید حسن نے حضور سرور کائنات (ص) کے اسوۂ حسنہ کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی۔

آغا سید حسن نے کہا کہ نبی آخر الزمان (ص) کو اللہ تعالیٰ نے ایک ایسے بگڑے معاشرے میں معبوث فرمایا جہاں ظلم و استحصال اور انسانی و روحانی اقدار کے ساتھ ساتھ انصاف و مساوات کا اس حد تک خاتمہ ہوچکا تھا کہ والد غیرت کے نام پر اپنی دختر کو زندہ درگور کرنے میں کوئی بھی خوف و تردد محسوس نہیں کرتا تھا۔

خانوادوں اور قبیلوں کے درمیان معمولی معاملے پر برسہا برس تک جنگیں لڑیں جارہی تھی۔ اس قدر بگڑے ہوئے معاشرے کی اصلاح کوئی معمولی کام نہیں تھا۔

آغا سید حسن نے کہا کہ آپ (ص) نے اپنے اخلاق حمیدہ، جذبہ احترام آدمیت اور رحمت و شفقت سے دنیا کے جاہل ترین قوم عرب کو اسلام کے انسانیت ساز نصب العین کا پیروکار بنایا۔

آغا سید حسن نے مسلمانوں کے باہمی اتحاد و اخوت کے حوالے سے قرآن کریم کی آیات بینات اور رسول اکرم (ص) کے تاکیدی ارشادات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کا باہمی اتحاد کوئی سیاسی مجبوری نہیں بلکہ ایک اہم دینی فریضہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان ارشادات کی روشنی میں فرقہ اور مسلک کے نام پر نفرت و تعصب کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں لیکن بدقسمتی سے اسلام دشمن عناصر نے ہمیشہ مختلف مسالک کے مسلمانوں کے درمیان فروعی اختلافات کو ہوا دیکر اپنے عزائم کی تکمیل کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اب بھی مسلمان استکباری قوتوں کی اس سازش کو ناکام بنانے کیلئے سنجیدہ نہیں ہوئے تو امت مسلمہ کا مستقبل مخدوش ہوکر رہے گا۔

اس موقعہ پر آغا سید حسن نے پشاور پاکستان میں ایگریکلچرل یونیورسٹی پر کئے گئے دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ تعلیمی اداروں کو نشانہ بناکر اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کی ذہنیت رکھتے ہوں ان سے بڑھ کر کوئی بھی درندہ صفت نہیں ہوسکتا۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬