19 December 2017 - 19:29
News ID: 432326
فونت
صاحبزادہ حامد رضا :
سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین نے کہا : اسلام اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر حملے کی اجازت نہیں دینا، کوئٹہ چرچ پر حملہ اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔
صاحبزادہ حامد رضا

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سنی جماعتوں کے تمام سربراہ گوجرانوالہ کی ختم نبوت کانفرنس میں شریک ہوں گے، 500 سے زائد گدی نشیں مشائخ نے بھی 24 دسمبر کی ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کا اعلان کر دیا ہے،

انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کی تاریخی کانفرنس فیصلہ کن ثابت ہوگی، ممبران اسمبلی کی بڑی تعداد استعفے دینے کیلئے پیر سیال شریف کے ساتھ رابطے میں ہے، اب خواجہ حمید الدین سیالوی سے نواز شریف کی ممکنہ ملاقات بے معنی ہے، نواز شریف آواز عدل کو دبانا چاہتے ہیں، عدلیہ اور فوج پر (ن) لیگ کے منظم حملے بڑے گیم پلان کا حصہ ہیں، ن لیگ عدلیہ اور فوج کو کمزور کرکے سیاسی آمریت قائم کرنا چاہتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے 24 دسمبر کو شیرانوالہ باغ گوجرانوالہ میں ہونے والی ختم نبوت کانفرنس کی رابطہ مہم کے دوران ڈاکٹر ابو الخیر زبیر، ڈاکٹر اشرف آصف جلالی، صاحبزادہ حامد سعید کاظمی، صاحبزادہ رفیق احمد مجددی، پیر عظمت علی شاہ، علامہ عبدالعزیز چشتی اور دوسرے علماءو مشائخ سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے مزید کہا کہ نواز شریف دولت بچانے کیلئے تصادم کی سیاست کر رہے ہیں، آرمی چیف کا سیکورٹی صورتحال پر سینٹ کو بریفنگ دینا صحت مندانہ روایت ہے، ابصار عالم کی برطرفی کا خیرمقدم کرتے ہیں، سابق نااہل وزیراعظم کی عدلیہ مخالف تحریک سے ادارے اور ملک کمزور ہوگا، جہانگیر ترین نے اپنے خلاف عدالتی فیصلے کے بعد سیاسی عہدہ چھوڑ کر قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا کا مزید کہنا تھا کہ عدالت میں ایک بھی سوال کا جواب نہ دینے والا ”مجھے کیوں نکالا“ کا واویلا کر رہا ہے، گوجرانوالہ کی ختم نبوت کانفرنس غداران ختم نبوت کی عقل ٹھکانے لگا دے گی، عدالتی فیصلوں کی گھن گرج سے عوام کا حوصلہ بڑھا ہے، پنجاب حکومت کے تمام میگا پروجیکٹس کی تحقیقات ہونی چایئے کیونکہ پنجاب میں ہر میگا پروجیکٹ میں میگا کرپشن کی گئی ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل سے دہشت گردی ختم ہو گی۔ اسلام اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر حملے کی اجازت نہیں دینا، کوئٹہ چرچ پر حملہ اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬