رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مووآن پاکستان اور عالمی مشائخ گرینڈ الائنس کے اشتراک سے ملک بھر کے بڑے شہروں میں "توکل کانفرنسز" کے انعقاد کا آغاز کوئٹہ سے کر دیا گیا۔ ملک گیر کانفرنسز کے انعقاد کا مقصد امریکی امداد کی بندش کے بعد کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے اسلام کی روح کے مطابق اللہ پر توکل کے نظریئے کا اعادہ کرنا ہے۔ کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ کانفرنس سے عالمی علماء و مشائخ گرینڈ الائنس کے صدر پیر خالد سلطان القادری، صوبائی وزیر صحت عبدالماجد ابڑو، مووآن پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ میاں کامران، مخدوم پیر سید ہارون شاہ الگیلانی، جمعیت نظریاتی کے صوبائی امیر مولانا عبدالقادر لونی، اسفند یار جمالی، سکینہ عبداللہ، جماعت الصالحین کے غازی کمال، صلاح الدین محمد حسنی، ادریس مغل ودیگر نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان میں بلوچستان کے غیور بلوچ اور پشتونوں کے اکابرین کی علماء ومشائخ کے ہمراہ دی جانے والی قربانیوں کے اعتراف میں آج ہم نے بلوچستان سے دنیا بھر کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنے کے لئے چلائی جانے والی تحریک کی بنیاد رکھی ہے۔ پاکستان اور عالم اسلام کو درپیش مسائل کا حل اسلامی تعلیمات اور آقاء دو جہاں حضرت محمد (ص) کی سیرت پر عملدرآمد سے ہی ممکن ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں پوری قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے۔ ملک کے محافظ سرحدوں کی نگہبان اور علماء و مشائخ نے قوم کو اکٹھا کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ دنیا بھر میں ایک منظم سازش کے تحت یہود و نصاریٰ نے مسلمانوں پر نہ ختم ہونے والی جنگ مسلط کر رکھی ہے۔ فرقہ، مسلک اور زبان کی بنیاد پر مسلمانوں کو تقسیم کرکے انکی قوت کو منتشر کرکے اُنہیں آپس میں دست وگریباں کیا گیا۔
مقررین کا مزید کہنا تھا کہ عراق، افغانستان، شام، یمن اور برما میں مسلمانوں کے قتل عام کے بعد اب بھی امریکہ پاکستان سے دہشتگردی کی آڑ میں جاری ذاتی مفادات کی جنگ کے لئے پاکستان سے تعاون کا طلب گار ہے۔ معاونت نہ کرنے پر پاکستان کی مالی امداد بند کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ امریکی مفادات کے لئے مسلمانوں کو دہشتگردی کے بھیٹ چڑھانے والے حکمرانوں کو اب امریکہ اور آئی ایم ایف کے سامنے اپنے ہاتھ میں تھامے کشکول کو تھوڑ کر دنیا بھر میں اسلام کے پرچم کی سربلندی کے لئے پہل کرنی چاہیئے۔ قومیں بھوک سے نہیں بلکہ بے ضمیری سے اپنی موت آپ مر جاتی ہیں۔ کلمہ کے نام پر معرض وجود میں آنے والی مملکت خدا داد میں قدرت کی عطاء کردہ بے شمار معدنیات اور وسائل موجود ہیں۔ اگر کسی چیز کی کمی ہے تو وہ اتحاد اور یکجہتی کی ہے۔ اتحاد کے فروغ کے لئے ملک کے تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کی کامیابی اور پاک فوج کے جوانوں کی بے مثال قربانیوں کی بدولت آج ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہوا ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی 20 کروڑ عوام پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے۔ ہر دور میں اولیاء اللہ اپنی خانقاہوں اور آستانوں میں عالم اسلام کا درد سینے میں لئے مسلمانوں کو اکٹھا کرنے کی جدوجہد میں مصروف رہے ہیں۔ ایک مربتہ پھر انکے سجادہ نشین اور مریدین نے کفار کے مقابلے میں امت کو اکھٹا کرنے کا بیڑا اٹھا رکھا ہے، جس میں امت کی بقاء اور خیر ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰