رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کشمیر کے سربراہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کشمیر کے ضلع شوپیان میں قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے جانبحق نوجوانوں کو زبردست الفاظ میں خراج پیش کیا ہے۔
حجت الاسلام انصاری نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کا خون ناحق بہانے میں کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا اور شوپیان میں معصوم کشمیری نوجوانوں کے سینوں اور سروں میں گولیاں پیوست کرنا بھارتی ظلم و بربریت اور جارحیت کی انتہا ہے، جس سے نام نہاد جمہوریت کی پول کھل جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں اپنے ناپاک قدم رکھ کر روز اول سے آج تک دسیوں ہزار مظلوم کشمیریوں کو خاک و خون میں غلطاں کیا اور کٹھ پتلی کشمیری حکمرانوں نے ہزار بار تحقیقات اور انکوائری کے بلند بانگ دعوے کئے لیکن یہ دعوے محض دھوکے اور سراب نکلے۔
حجت الاسلام انصاری نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں ظلم و تشدد، بربریت اور جبر کے تمام ریکارڈ توڑ دئے ہیں اور بھارتی حکمرانوں کے ہاتھ مظلوم اور مفلوک الحال کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے جو مسلمانوں کے سخت ترین دشمنوں کے ساتھ ہاتھ ملا کر مظلوم کشمیری عوام کا قتل عام کررہے ہیں۔
اتحاد المسلمین کشمیر کے سربراہ نے کہا کہ کشمیریوں کا آئے روز قتل عام انتہائی تشویشناک عمل ہے اور یہاں 1990ء کی دہائی کے حالات پیدا کئے جا رہے ہیں جو کشمیری قوم کی برداشت سے باہر ہے۔
انہوں نے شوپیان میں جانبحق ہوئے نوجوانوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور اقوام عالم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور بربریت روکنے میں جلد از جلد کوئی اقدامات اٹھائیں۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰