رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی کے مرکزی جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ نواز شریف اندھیرے میں روشنی ڈھونڈ رہے ہیں، ان کیلئے ہر چیز مفلوج ہوچکی ہے، اگر دیکھا جائے تو انہوں نے اپنے اقتدار میں پارلیمنٹ اور جمہورتی کو عملا مفلوج رکھا، ان کے دور میں کابینہ تک مفلوج تھی وہ کسی سے مشاورت نہیں کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اس ملک میں طاقت پکڑ چکی ہے۔ جب بھی جمہوریت کمزور ہوتی ہے انہیں کھیل کھیلنے کا موقع مل جاتا ہے، لیکن سیاسی و جمہوری رہنما خود پارلیمنٹ اور جمہوری نظام کو کمزور کرکے انہیں مداخلت کا موقع دیتے ہیں۔ جمہوریت اور پارلیمنٹ کو مضبوط کرنا سیاسی و جمہوری قوتوں کی ذمہ داری ہے۔ اگر پارلیمنٹ اور جمہوریت کو مضبوط نہیں کیا جاتا تو غیرجمہوری قوتیں فائدہ اٹھاتی ہیں۔
انہوں نے بیان کیا کہ نواز شریف کو تیسری مرتبہ اقتدار ملا لیکن انہوں نے پارلیمنٹ اور جمہوری اداروں کو مضبوط نہیں کیا۔
جماعت اسلامی کے مرکزی سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بھارت کی ناقص پالیسیوں کے باعث خطہ میں معاشی بحران پیدا ہوا ہے آئین و قانون کی بالادستی پر ہم یقین رکھتے ہیں، کشمیر میں جلد آزادی کا سورج طلوع ہوگا، بدتہذیبی کی زبان کے استعمال سے پاکستان کو نقصان اور عوام کو ان کے حق سے محروم نہ کیا جائے۔
لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ بھارتی فوج کے پائلٹ گنوں کی وجہ سے مظلوم کشمیری بینائی سے محروم ہو رہے ہیں، جو مسلم اکثریتی علاقہ کشمیر کا حصہ ہونا چاہیئے تھے وہاں پر بھارت نے اپنی فوجیں ڈال دیں، لیکن کشمیری مسلمانوں نے بھارتی بالادستی قبول نہیں کی، کشمیری آج بھی آزادی چاہتے ہیں اور اپنا حق خود ارادیت چاہتے ہیں۔
انہوں نے بیان کیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مظلوم کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے، لیکن المیہ یہ ہے کہ یونائیٹڈ نیشن، عالمی ادارے اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں کشمیر مسئلے پر آواز اٹھانے کو تیار نہیں ہیں، کشمیر، فلسطین اور افغانستان مسئلہ حل کرنے سے ہی امن قائم ہو سکتا ہے، لیکن امریکہ بھارت کی پیٹھ تھپکتا ہے اور ہمارے حکمران دو قدم آگے بڑھتے ہیں تو پانچ قدم پیچھے ہٹتے ہیں، کشکول پھیلاتے ہوئے بھیک مانگتے ہیں، امریکہ افغانستان کی سرزمین پر بھارت کی سرپرستی کرکے پاکستان میں دہشت گردی کا ذمہ دار ہیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/