رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے امریکی مندوب کے من گھڑت الزامات کے ردعمل میں کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے ناجائز صہیونی ریاست کی جارحانہ پالیسیوں کی بھرپور حمایت کی وجہ سے آج مشرق وسطی شدید بدامنی اور عدم استحکام کا شکار ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب کے آفس سے جاری ایک بیان کے مطابق، امریکی مندوب نے 14 فروری 2018 کو سلامتی کونسل کی نشست میں ایک بار پھر ایران کے خلاف بے بنیاد الزامات کو دہرایا اور یہ دعوی کیا گیا کہ شام میں ایرانی کردار سے عدم استحکام کی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔
اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ زمینی حقائق سے یہ بات واضح ہے کہ ایران، شام میں کشیدگی کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے جبکہ امریکہ اس حوالے سے روڑے اٹکارہا ہے۔
بیان کے مطابق، شام میں داعش اور دیگر دہشتگردوں کے فروغ کے حوالے سے امریکی کردار کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا دوسری طرف خطے میں بے پناہ مداخلت اور مختلف ممالک بشمول عراق، لیبیا، شام، لبنان اور افغانستان میں امریکی مہم جوئی کی وجہ سے یہ ممالک مصیبت اور مشکلات کے شکار ہیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/