رسا ںیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کا میزائل پروگرام صرف دفاعی نوعیت کا ہے اور کسی بھی ملک کو ایران کے میزائلوں کے بارے میں فکر مند نہیں ہونا چاہیے ، ہم دوسروں کو بھی مضبوط بنائیں گے۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ اسلامی قوانین میں اللہ تعالی نے مرد اور عورت دونوں کو عزت اور عظمت عطا کی ہے اور دونوں کو اپنی ذمہ داریوں کے بارے میں اللہ تعالی کی بارگاہ میں جواب دینا ہوگا۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ اسلام میں برتری کا معیار جنسیت نہیں بلکہ عمل صالح اور تقوی ہے جو سب سے زیادہ متقی اور پرہیزگار ہوگا وہی اللہ تعالی کی بارگاہ میں کامیاب ہوگا چاہے وہ مرد ہو یا عورت ہو۔
صدر حسن روحانی نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد ایران کے مختلف عہدوں اور سماجی شعبوں میں ایرانی خواتین کی بھر پور شرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج ایران میں اکثر خواتین اعلی عہدوں پر فائز ہیں اور اپنی سماجی ، معاشرتی اور سیاسی ذمہ داریوں کو ادا کررہی ہیں۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ ہم سب اللہ تعالی کے بندے ہیں اور ہمیں اپنی سماجی، سیاسی اور دینی ذمہ داریوں پر عمل کرنا چاہیے۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کا عالمی برادری کے ساتھ جس طرح سیاسی، ثقافتی، اقتصادی اور سماجی شعبوں میں تعاون جاری ہے اسی طرح ایران کا فوجی شعبے میں تعاون جاری رہےگا ۔ ایران کی دفاعی قدرت اور طاقت سے کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ، کیونکہ ایران کے ہتھیار کسی کے خلاف نہیں بلکہ اپنے ملکی اور قومی دفاع کے سلسلے میں ہیں اور قومی و ملکی دفاع ہر ملک کا بنیادی حق ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۷۶