رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما اعجازاحمد چودھری نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے اور مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کیے جانے کیخلاف احتجاج کرنیوالے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی اندھادھند فائرنگ سے ہزاروں افراد کی شہات عالمی برادری کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت اور امن کے علمبردار ممالک، این جی اوز کے منہ پرزوردار تھپڑ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیت المقدس پر قبضے پر خاموشی اختیار کرنیوالی اقوام متحدہ ظلم و ستم میں برابر کی شریک ہے، عالم اسلام القدس پر امتحان میں ناکام ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ القدس کے امتحان میں صرف عالم اسلام ہی نہیں پوری انسانیت ناکام رہی، اسرائیل کیخلاف کوئی قدم نہ اٹھانے والی اقوام متحدہ قانونی حیثیت کھو چکی ہے، بیگناہ افراد کے قتل پر اسرائیل کا احتساب ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں وحشیانہ اقدامات اٹھاتے ہوئے دہشتگرد ریاست ہونے کا ثبوت دے رہا ہے، القدس کا تحفظ امن اور انسانیت کا تحفظ ہے، خونریزی کرنے والوں کو روکنے کا وقت آن پہنچا ہے۔
اعجاز چودھری نے کہا کہ فلسطینی بھائیوں کو دکھانا چاہتے ہیں کہ وہ تنہا نہیں ہیں، اسرائیل کیخلاف کھڑا ہو کر ثابت کرنا ہو گا دنیا میں انسانیت زندہ ہے، اسرائیل نے جو کیا وہ بدمعاشی، ظلم اور ریاستی دہشتگردی ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰