22 May 2018 - 15:13
News ID: 436009
فونت
ناصر عباس شیرازی :
مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ روزہ صرف بھوک اور پیاس کا نام نہیں، ہمیں فلسفہ رمضان کو سمجھنےکی ضرورت ہے ۔
سید ناصر عباس شیرازی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے افطار کی پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ مسلمانوں کیلئے اللہ تبارک و تعالیٰ کی جانب سے کسی انعام اور تحفے سے کم نہیں، روزہ صرف بھوک اور پیاس کا نام نہیں، ہمیں فلسفہ رمضان کو سمجھنےکی ضرورت ہے، روزہ ہمیں ایثار، قربانی اور صبر کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ اس ماہ مقدس کی رحمتوں اور برکتوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں، یہ مقدس مہینہ ہمیں دوسروں کا دکھ درد بانٹنے کا درس دیتا ہے، ہر سال کی طرح امسال بھی ماہ مبارک رمضان کا آخری جمعہ فلسطین کے اہلسنت بھائیوں کے دفاع میں یوم القدس منائیں گے اور یہاں موجود تمام مکاتب فکر سے مسالک کے نمائندوں کا ہاتھوں میں ہاتھ ڈال اتحاد و اتفاق کا اظہار کرنا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ پاکستان میں کوئی فرقہ واریت نہیں، ہم سب مسلمان نبی آخر الزماں محمد مصطفیٰ (ص) کی حدیث کے مطابق آپس میں بھائی بھائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن امریکہ اسرائیل و ہندوستان اپنے کرائے کے قاتلوں کے ذریعے فرقہ واریت کو ہوا دیتا ہے، ہم ان دشمنانِ اسلام کو کبھی بھی ان کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں بسنے والے شیعہ نہیں مگر ان کی حمایت شیعہ حزب اللہ کرتی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلمان جسد واحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی شیعہ اور سنی متحد ہیں اور آج کا یہ اجتماع اسلام دشمنوں کے منہ پر طمانچہ ہے جنہوں نے امت کو تقسیم کرنے کی سازش کی۔

ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر اس شخصیت کو دہشتگردوں نے نشانہ بنایا جس نے دہشتگردی کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں قاری حسن جان کو اس لئے نشانہ بنایا گیا چونکہ وہ دہشتگردی کیخلاف فتویٰ دے چکے تھے، داعش نے عراق و شام میں بھی ایسا ہی کرنے کی کوشش کی مگر مقامی شیعہ سنی نے اپنے اتحاد سے داعش کو ناکام بنا دیا، آج پاکستان میں بھی ہم نے دشمن کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ جن مکاتب فکر کو تم نے لڑانا چاہا آج وہ یکجان ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کُل مسالک علما بورڈ کے رہنما مولانا عاصم مخدوم کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک جیسا مقدس مہینہ آپس کے معاملات میں صبرو تحمل رواداری، اخوت، عجز و انکساری کا بھی تقاضا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد امت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، بین المسالک ہم آہنگی کی جدوجہد کو مزید تیز کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک کسی بھی قسم کی دہشتگردی اور فرقہ واریت کا متحمل نہیں ہو سکتا، ہم سب کو مل کر فرقہ واریت کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، ماہ صیام تزکیہ نفس کے لیے اللہ تعالی کی طرف سے بہترین موقع ہے۔ افطار کی تقریب میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی، صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ مبارک موسوی، مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، سیکرٹری جنرل لاہور سید حسن رضا ہمدانی، علامہ ظہیر الحسن نقوی، سید حسین زیدی جبکہ کل مسالک علماء بورڈ کے مولانا محمد عاصم مخدوم، پیر سید نو بہار شاہ، مفتی سید عاشق حسین شاہ، ڈاکٹر بدر منیر سیفی، مولانا ایوب خان ثاقب، سید غلام عباس شیرازی، سید وقار الحسنین نقوی، مولانا شکیل الرحمن ناصر، مولانا محمد افضل حیدری اور مولانا عبدالرب امجد نے خصوصی شرکت کی۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬