رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج جمعے کے روز عیدالفطر کے خطبے میں ایرانی قوم اور امت اسلامی کوعید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ امریکی صدر کے اعتراف سے بخوبی پتا چلتا ہے کہ شیطان بزرگ سازشوں اور مذموم عزائم کے باوجود اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے اور اس کے بعد بھی وہ علاقے میں سرمایہ خرچ کرکے اپنے مقاصد کو حاصل نہیں کر سکتا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے عالمی یوم القدس کی ریلیوں میں عوام کی غیرمعمولی شرکت کو سراہتے ہوئے فرمایا کہ یوم القدس کا دن امت مسلمہ کی جانب سے ایرانی قوم کے ساتھ یکجہتی کو مضبوط بنانے کا مظہر ہے۔
اس موقع پر عالمی یوم القدس کی ریلیوں میں ایرانی عوام کی عظیم شرکت کا ذکر کرتے ہوئے آپ نے فرمایا کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اس سال کی ریلیوں میں ایرانی عوام کی شرکت تاریخی رہی جس سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ ہمارے عوام مایوس نہیں بلکہ وہ مزید پُرعزم ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے مزید فرمایا کہ مختلف ممالک میں یوم القدس کی ریلیوں کے عظیم انعقاد سے یہ پیغام ملا ہے کہ اغیار کے منفی عزائم کے باوجود ایرانی قوم اور مسلم اقوام کے درمیان قربت اور یکجہتی میں مزید اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایرانی عوام پر زور دیا کہ وہ بیدار رہیں کیونکہ دشمن، ملک کے خلاف اقتصادی دباؤ کے ذریعے سازش کررہا ہے جس کا اصل مقصد ہی قوم کو مایوس اور دلبرداشتہ کرنا ہے لہذا سب کو بشمول حکومت اور اداروں کو اس سازش کو ناکام بنانے کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے عید فطر کو انعام و اکرام لینے اور ماہ مبارک رمضان کو مؤمنین کے مابین رضائے الہی کے حضول کا زمینہ قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ خدا کے فضل و کرم سے ایرانی عوام ہرسال زیادہ سے زیادہ خدا سے لو لگاتے ہیں۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰