تحریر : سید نجیب الحسن زیدی
شاگرد نے سر جھکا کر استاد سے بصد احترام ہاتھ جوڑ کر کہا کہ استاد :آپ نے تو دیکھا کہ ہم علمی مسائل میں گفتگو کر رہے تھے اور یہ جاہل خود یہاں آ دھمکا اور آپ نے خود دیکھا کہ بغیر میرے کچھ بولے ہوئے اس نے مجھے کیا کیا نہیں کہا ، میں نے تو محض دفاعی کاروائی کی اگر میں اس کا جواب نہ دیتا تو ممکن ہے وہ یہاں موجود لوگوں کو بھی کچھ سنادیتا اور ممکن ہے آپکی شان میں ہی گستاخی کر بیٹھتا اور آپ مجھے ہی سنا رہے ہیں وہ تو جاہل تھا جہالت کی بنا پر کچھ بھی کہہ رہا تھا ،میں نے مجبورا اسکا جواب دیا اور آپ بجائے اپنے شاگرد کا حوصلہ بڑھانے کے بجائے میری حوصلہ افزائی کرنے کے میری ہی کلاس لے رہے ہیں جبکہ آپ نے خود دیکھا کہ گالیاں دینے کا آغاز اس نے کیا تھا ،میں تو اسکو جانتا بھی نہیں تھا ، وہ جاہل انسان تھا اور اپنی جہالت کا شکار ہو کر مجھے طعن و تشنیع کا نشانہ بنا رہا تھا ، آپ کو تو پتہ ہے کہ میں آپکا شاگرد ہوں اور ایک پڑھا لکھا انسان ہوں کیا کوئی عالم دانا اپنی توہین پر خاموش رہ سکتا ہے ؟ جبکہ مجھے آپ پر تعجب ہے یہ آپکی کیسی علم دوستی ہے کہ ایک عالم کے مقابل آنے والے جاہل کو تو کچھ نہیں کہہ رہے مجھے ہی سنا رہے ہیں ارسطو نے جواب دیا :اسی لئے میں تمہاری سرزنش کر رہا ہوں کہ تم ایک پڑھے لکھے عالم ہو اور تم جانتے ہو کب کس سے کس طرح بات کرنا چاہیے ، تم عالم و دانا ہو اور عالم و دانا نادان و جاہل کو سمجھ سکتا ہے اس لئے کہ اس نے ایک زمانہ ایسا گزارا ہے جب وہ خود جاہل و نادان تھا تو وہ جانتا ہے کہ جہالت و نادانی انسان کے اندر کتنی اکڑ پیدا کرتی ہے اور جہالت و نادانی کی وجہ سے انسان کیا کچھ اول فول بکتا ہے لیکن جو جاہل و نادان ہوتا ہے وہ عالم ودانا کے نفسیات کو نہیں سمجھتا چونکہ وہ دانائی و علم سے دور ہے اس نے ابھی علم کو سونگھ کر بھی نہیں دیکھا لہذا اسے کیا پتہ کہ عالم کیا ہوتا ہے اور اس سے کیسے بات کرنا چاہیے یہ تو تمہارے اوپر ہے کہ اسکے ساتھ جوابی کاروائی نہ کرو اور اسے اپنی جہالت ظاہر کر دینے دو ، کہ عالم جاہل سے نہیں الجھتے …
مندرجہ بالا داستان شاید ٹرانپ و کم جونگ نے ایک ساتھ ایک ہی وقت میں پڑھ لی ہوگی شاید یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ارسطو کی نصیحت پر عمل کرتے ہوئے دنیا کے سامنے اپنے آپکودانا و عالم کے طور پر پیش کرنے کی ایک اچھی کوشش کی ، جہاں ایک طرف شمالی کوریائی فوج کے سربراہ گوام پر حملے کی تیاریاں مکمل ہونے کے بعد اس پر عمل درآمد کرنے کے حکم کا انتظار کر رہے تھے اور بحر الکاہل کی موجیں ایٹمی حملے کی منتظر تھیں ، تو دوسری طرف راکٹ مین کو خاموش کرنے کے لئے آگ اور قہر کی بارش کے نزول کی بات کی جا رہی تھی ، کوئی کسی کو دیوانہ کہہ رہا تو کوئی کسی کو احمق و نادان ایسے میں آگ و قہر کی بارش کی جگہ مذاکرات وصلح کے ٹیبل کا نازل ہونا یقینا ایک خوش آئند بات ہے ۔کم از کم اتنا تو کہا جاسکتا ہے کہ ایٹمی توانائی سے لیس دو طاقتوں نے ارسطو کی نصیحت پر یکجا و بہ یک وقت عمل کیا اب یہ تو وقت طے کرے گا ان دونوں میں کس ملک کا سربراہ جاہل و دیوانہ تھا اور کس کا عقلمند و دانا ۔لیکن آگ و قہر کی بارش سے مذاکرات و صلح کی بوندیں ٹپکی ہیں یہ اپنے آپ میں ایک اچھی بات ہے بشرطیکہ دوبارہ کچھ ایسا نہ ہو کہ مذاکرات کے ٹیبل سے کوئی آتش فشاں پھٹ پڑے ۔
فی الحال شمالی کوریا کے سربراہ کی امریکن صدر سے مذاکرات کی جو خبریں آ رہی ہیں ان میں تو امریکی صدر کم جونگ کی قابلیت کا کلمہ پڑھتے نظر آ رہے ہیں اور کسی صحافی کا یہ جواب ساری دنیا میں لوگ دانتوں تلے انگلی دبا کے سن رہے ہیں کہ : کم جونگ ان ’بہت قابل ہیں۔ وہ بہت کم عمری میں اقتدار میں آئے اور مشکل وقت میں ملک کو سنبھالا۔‘ٹرمپ نے ان غیر معمولی الفاظ کا استعمال ایک ایسے شخص کے لیے کیا جنھیں چند ماہ قبل وہ ’راکٹ مین‘ اور ایک ایسی ریاست کا حکمران، کہہ چکے تھے جسے دنیا برا سجھتی ہے ۔ ادھر بالمقابل شمالی کوریا کے سربراہ نے احتیاط کا دامن نہ چھوڑتے ہوئے اتنا ہی کہنے پر اکتفا کی ہے :’ہم نے ماضی کو پیچھے چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور دنیا کو اہم تبدیلیاں نظر آئیں گی۔‘
تبدیلیوں کے آغاز کا ہم انتظار کریں گے اور ہم ہی نہیں ہر ایک انسان کو انتظار کرنا ہوگا کہ شاید تاریخ کی مہنگی ترین مختصر ملاق سے کچھ حاصل ہوسکے اور سچ ہے جب انسان کسی ایک مذاکرات پر ہونے والا خرچ بہت زیادہ ہو تو انسان کو اس کے نتیجہ کے سلسلہ سے حساس تو ہونا ہی چاہیے ،جیسا کہ بتایا جا رہا ہے ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان ہونے والے مذاکرات پرتقریبا دو کروڑ ڈالر کا خرچ آیا ہے۔ اب اس دو کروڑ ڈالر کے خرچ سے کچھ تو نتیجہ نکلنا ہی چاہہیے ۔ فی الحال میڈیا کے ذریعہ جو خبریں آ رہی ہیں اس میں تو ایسا لگتا ہے کہ دو کروڑ ڈالر کے خرچ سے میڈیا کو تو خوب خوب مزہ آیا ہے کہ اعلیٰ حکام کے مطابق زیادہ تراخراجات سیکیورٹی اور تین ہزار سے زائد صحافیوں کی میزبانی پرآئے ہیں ان مذاکرات کے دوررس نتائج جو بھی ہوں لیکن عملی طور پر ایسے اشارے نہیں مل سکیں ہیں جن سے اندازہ ہو سکے کہ ماضی میں مذاکرات کے بعد ان پر خط بطلان کھینچنے والی دونوں ہی حکومتیں کیا ان مذاکرات پر خرچ ہونے والی رقم کے بدلے دنیا کو امن کی کوئی نوید دیں گی ۔ امریکہ نے کس قدر اپنے معاہدوں اور مذاکرات کا پاس و لحاظ رکھا ہے یہ تو سب جانتے ہی ہیں اسکی ایک تازہ مثال ایران کے ساتھ ہونے والا جوہری معاہدہ ہے جس سے باہر ہو کر امریکہ نے واضح کر دیا ہے کہ اس پر کس قدر یقین کیا جاسکتا ہے لیکن کیا شمالی کوریا اپنے اس سے قبل اپنے معاہدوں پر ثابت قدم رہا ہے یا پھر اس نے اپنے مفادات کے تحفظ کی خاطر وہی کیا ہے جو بڑے بڑے ماہر میدان سیاست کے کھلاڑی کرتے ہیں اس پر ذرا نظر ڈالتے ہیں :
1992 میں شمالی کوریا نے جوہری ہتھیار تیار نہ کرنے اور ان کا تجربہ نہ کرنے کا معاہدہ کیا تھا
1994 میں اس نے کہا تھا کہ وہ امداد کے عوض پلوٹونیم ہتھیاروں کا پروگرام منجمد کر دے گا
2005 میں اس نے کہا تھا کہ وہ تمام جوہری ہتھیار تلف کر دے گا اور اپنا موجودہ جوہری پروگرام بھی ترک کر دے گا
یہ وہ معاہدے ہیں جو اس سے پیشتر ہوئے ہیں لیکن اب انکا کچھ اتا پتہ نہیں ہے اور یہ بات مغربی میڈیا میں گشت کر رہی ہے کہ شمالی کوریا نے ماضی میں جو معاہدے کیے ہیں ان سے وہ بعد میں پھر گیا ہے ۔ نہیں معلوم یہ مغربی میڈیا کی خبریں جھوٹی ہیں یا سچی اسکی صداقت و اسکے کذب کے لئے تاریخی دستاویز کی ضرورت ہے جو کسی کے پاس ہوں نہ ہوں ٹرنپ کے پاس ضرور محفوظ ہوں گی ،اب سوال یہ ہے کہ اتنا سب ہونے کے بعد اگر دونوں ملک ایک مذاکرات کے ٹیبل پر آئے ہیں تو دونوں ہی کے ذہن میں دنیا کے موجودہ منظر نامہ کو لیکر کچھ نہ کچھ چل رہا ہے وہ کیا ہے اس کو آنے والا وقت بتائے گا کہ کس کے ذہن میں کیا تھا ۔البتہ فی الحال آگ و قہر کی بارش سے نازل ہونے والے اس مذاکرات کے ٹیبل کی تصویر شاید ان دو باتوں سے واضح ہو سکے ۔ایک طرف سی وی آئی ڈی (CVID) کے نام کی گونج ہے جس کے بموجب شمالی کوریا کا خود کو مکمل، قابل تصدیق اور ناقابل تنسیخ انداز میں غیر جوہری بنانا یا ’ڈی نیوکلیئرائز‘ کرنا ہے۔ جسکو لیکر امریکی صدر کا یہ جملہ بہت کچھ کہہ رہا ہے ’’انہیں (شمالی کوریا کو) خود کو غیر جوہری بنانا ہی ہو گا۔ اگر وہ ایسا نہیں کرتے، تو یہ بات ناقابل قبول ہو گی۔‘‘ اسی کے مقابل یہ بھی قابل غور ہے کہ اس ملاقات کے موقع پر ایک صحافی نے جب کم جونگ ان سے سوال کیا کہ کیا آپ جوہری ہتھیار تلف کریں گے؟ اس سوال پر شمالی کوریا کے سربراہ نے کوئی جواب نہیں دیا ۔کم جونگ کا اسی مسئلہ پر خاموش رہنا جس پر ٹرنپ کی تاکید ہے اپنے آپ میں یہ بتارہا ہے کہ ارسطو کی محفل میں دانا کون ہے اور نادان کون اب یہ وقت بتائے گا کہ آگ و قہر کی بارش سے نازل ہونے والے مذاکرات کی شبنم کتنی دیر تک سنگا پور کے جزیرہ سینٹوسا کے کیپیلا ہوٹل میں محفوظ رہتی ہے۔ /۹۸۸/ ن۷۰۲