رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے اعلان کیا ہے کہ وہ وفاق اور پنجاب میں حکومتیں بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے جس کے لیے مطلوبہ نشستیں انہوں نے حاصل کرلی ہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ ہمیں وفاق اور صوبے میں حکومت بنانے کے لیے جو نشستیں درکار ہیں وہ ہم نے حاصل کرلی ہیں، مسلم لیگ (ق) کے وفد نے عمران خان سے ملاقات کی ہے، فیصلہ کیا گیا ہے کہ (ق) لیگ وفاق اور پنجاب میں پی ٹی آئی کے ساتھ حکومتی اتحاد کا حصہ ہوگی ان کے ساتھ حکومتی اتحاد کا فارمولا تشکیل پاگیا ہے۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ جہانگیر ترین جلد کراچی روانہ ہوں گے اور ایم کیو ایم سے ملاقات کرکے ان کی 6 نشستوں کی حمایت حاصل کریں گے تاہم ہمیں درکار نشستیں پوری ہوگئی ہیں، قومی اسمبلی کے لیے پی ٹی آئی کا اپنا حصہ 144 نشستوں کا ہے، ق لیگ کی 4، ایم کیو ایم کی 6، بی این پی کی 2، جی ڈی اے کی 2 نشستوں کے امیدوار سمیت قومی اسمبلی کے 7 آزاد امیدوار ہمارے ساتھ شامل ہوچکے ہیں اور اس وقت ہم نیشنل اسمبلی کی 168 نشستوں کو چھو رہے ہیں اور ہم واضح اکثریت حاصل کرچکے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے بتایا کہ پنجاب میں 360 نشستوں پر الیکشن ہوئے، اس ایوان میں سے ہمارے پاس 180 نشستیں پہنچ چکی ہیں جن میں خواتین اور آزاد امیدوار اور الائنس شامل ہیں چنانچہ ہم وفاق اور پنجاب میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں، اسی طرح بلوچستان میں ہم مخلوط حکومت میں ہوں گے جس کے لیے مذاکرات جاری ہیں جب کہ خیبر پختون خواہ میں ہماری پہلے ہی دو تہائی اکثریت ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/