رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینیوں نے غزہ پر اسرائیل کی حالیہ بربریت کے جواب میں مقبوضہ علاقوں میں دو سوبیس راکٹ اور میزائل فائر کئے جس کے نتیجے میں گیارہ صیہونی زخمی ہوئے اور خوف و وحشت کی وجہ سے سیکڑوں صیہونی اپنے گھروں سے محفوظ مقامات کی جانب فرار کر گئے ۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے فوجی بازو عزالدین قسام بریگیڈ نے کہا ہے کہ تحریک استقامت نے گھنٹوں اسرائیلی ٹھکانوں پر میزائلوں اور راکٹوں سے حملہ کیا ہے اور اسرائیل کی جارحیت کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔
القسام بریگیڈ کے اعلان کے مطابق راکٹ حملوں میں سدیروت، رعیم، یفتاح اور زیکیم اور ایریز علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیل کی ہر قسم کی بربریت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے آمادہ ہے۔
ناصر صلاح الدین بریگیڈ نے بھی اعلان کیا ہے کہ غزہ کی سرحدوں کے قریب واقع صیہونی بستیوں اور اسرائیلی فوجی اڈوں پر درجنوں راکٹ فائر کئے گئے ہیں۔
المیادین ٹیلی ویژن چینل نے بھی خبردی ہے کہ غزہ سے مقبوضہ فلسطین میں صیہونی بستیوں میں دسیوں میزائل اور راکٹ فائر کئے گئے لیکن اسرائیل کا آئرن ڈوم صرف گیارہ میزائل اور راکٹوں کو ہی فضا میں تباہ کرنے میں کامیا ب ہوسکا۔
اس درمیان حماس اور جہاد اسلامی جیسی تنظیموں نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کی جارحیتوں کے جواب میں اپنا پورا دفاع کریں گی۔
جہاد اسلامی کے فوجی بازو قدس بریگیڈ نے کہا ہے کہ فلسطین کی تحریک استقامت حملے کےجواب میں حملے کے اصول کے تحت صیہونی دشمن کا منہ توڑ جواب دے گی۔
حماس نے بھی کہا ہے کہ شہدا کے خون سے وفاداری کا اعلان اور اظہار کا وقت آن پہنچا ہے۔
حماس نے کہا ہے کہ تحریک استقامت اب صیہونی دشمن کے ساتھ جنگ کے اصول کو تبدیل کرنے کا تہیہ کرچکی ہے۔
صیہونی جنگی طیاروں نے گزشتہ رات غزہ پٹی کے بیت لاھیا اور دیر البلح علاقوں اور غزہ کے مغربی ساحل پر ایک پولیس اسٹیشن پر شدید بمباری کی جس میں تین فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔ شہید ہونے والوں میں ایک حاملہ فلسطینی خاتون اور اس کی بیٹی بھی شامل ہے جبکہ بارہ زخمی ہوئے تھے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/