رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین اور اقوام متحدہ نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس کے نواحی قصبے’الخان الاحمر‘ میں فلسطینی عرب شہریوں کے گھروں کی مسماری اور ان کی جبری ہجرت سے باز رہے۔
اطلاعات کے مطابق یورپی ممالک فرانس، جرمنی، اٹلی، اسپین، برطانیہ اور اقوام متحدہ نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا ہے کہ ’سیکٹر ‘C میں آنےوالے فلسطینی قصبے’الخان الاحمر‘ میں فلسطینی گھروں کی مسماری اور فلسطینی بدو عرب آبادی کی جبری بے دخلی کا کوئی جواز نہیں، یہ علاقہ مستقبل کی آزاد فلسطینی ریاست کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس کی مسماری ایک نئے بحران کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔
یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے ایک بیان میں کہا کہ الخان الاحمر کی مسماری اسرائیل کی بہت بڑی غلطی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی حقوق کے اس بیان کی تائید کرتے ہیں جس میں انسانی حقوق مرکز ’الخان الاحمر‘ کی مسماری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کی مسماری روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/