رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری جنرل حجت الاسلام و المسلمین راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہےکہ حکومت زائرین کی مشکلات دور کرنے کے لئے مستقل سنجیدہ اقدامات اٹھائے، تفتان بارڈر پر زائرین کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں، پانی ہے نہ ہی کھانے کی کوئی چیز، شدید سردیوں کی وجہ سے زائرین کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ زائرین کے مسئلہ کو مستقل طور پر حل کریں گے، لیکن تاحال کوئی خاص بہتری نہیں آئی۔
سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے مطالبہ کیا کہ فی الفور بارڈر پر پھنسے تمام زائرین کو کوئٹہ پہنچانے کا بندوبست کیا جائے۔ سہولیات کے فقدان کے باعث تین زائرین جان سے گئے اور درجنوں بیمار پڑ گئے ہیں۔
اس ملاقات میں پاکستان کے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے ہنگامی بنیادوں پر زائرین کو کوئٹہ منتقل کرنے اور سہولیات دینے کی یقین دہانی کرائی۔ اس دوران شہریار آفریدی نے کور کمانڈر کوئٹہ کو بھی فون کیا اور فی الفور زائرین کو کوئٹہ منتقل کرنے کی ہدایت کی۔
دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام زیارت اربعین کے لئے جانے والے زائرین کو تفتان بارڈر پر درپیش مشکلات، زائرین کی شہادتوں کے خلاف نواں شہر چوک ملتان میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر انہوں نے زائرین کے ساتھ روا رکھے جانے والے اس سلوک کی شدید مذمت کی ۔ /۹۸۸۔/ ن۹۴۰