23 October 2018 - 21:37
News ID: 437488
فونت
بریگیڈیر جنرل محمد پاکپور :
ایرانی پاسداران انقلاب کی بری فورس کے کمانڈر نے کہا ہے کہ بعض ممالک بالخصوص امریکہ کرائے کے دہشتگردوں کے ذریعے پاک ایران سرحدی علاقوں کو بدامنی کا شکار کرکے ہمارے تعلقات کو خراب کرنا چاہتے ہیں
محمد پاکپور

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایرانی پاسداران انقلاب کی بری فورس کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے پاکستانی بھائیوں کو بتایا ہے کہ یقینا کوئی تیسرا فریق ہے جو ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔

سنیئر ایرانی کمانڈر گزشتہ روز پاکستان کے ایک روزہ دورے پر اسلام آباد آئے تھے اور انہوں نے آج پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت سنیئر عسکری اور سیکورٹی حکام کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔

انہوں نے اپنے دورے کے اختتام پر کہا کہ پاکستان کی عسکری قیادت کے ساتھ مغوی ایرانی سرحدی اہلکاروں کے واقعے کو اٹھایا گیا۔

بریگیڈیر جنرل محمد پاکپور نے مزید کہا کہ میرجاوہ کے واقعے کے بعد سیاسی اور عسکری سطوح پر سفارتکاری کی گئی، پاکستان میں ایرانی سفیر اور دفاعی اتاشی نے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے کئے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں ہم نے یہ ضروری سمجھا کہ پاکستان جائیں اور اپنے بھائیوں کے ساتھ مل بیٹھ کر اس واقعے سے متعلق گفتگو کریں۔

پاسداران انقلاب کی بری فورس کے کمانڈر نے کہا کہ ان ملاقاتوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کی تشویش اور سرحدی واقعے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا جبکہ پاکستانی قیادت نے اس بات کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان، ایرانی بارڈر گارڈز کی بحافظت بازیابی کے لئے اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عسکری حکام بالخصوص جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ سرحدی سیکورٹی کو مزید بہتر بنانے، سرحد پر دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ تعاون کو بڑھانے اور پاکستانی حدود میں سیکورٹی نفری میں اضافے سے متعلق بھی تفصیلی مذاکرات ہوئے۔

بریگیڈیر جنرل پاکپور نے کہا کہ ایران نے پاکستان کے ساتھ اپنی سرحد کے تقریبا 90 فیصد پر حفاظتی باڑ لگاکر اسے مضبوط کیا ہوا ہے اور ہماری توقع ہے کہ ہمارے پاکستانی بھائی بھی اپنی حدود میں سخت انتظامات کریں تا کہ دہشتگرد سرحدپار سے ایرانی چوکیوں اور فورسز پر حملہ نہ کرسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی حکام نے ایرانی مطالبات سے اتفاق کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ تمام مسائل پر باہمی تعاون کو ماضی سے زیادہ فروغ دیں گے۔

بریگیڈیر جنرل محمد پاکپور کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مغوی ایرانی اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی کو ممکن بنانے کے لئے اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لانے کا عزم کیا ہے اور یہی ایک اچھی خبر ہے جس سے ہم بھی پُرامید ہیں۔

انہوں نے سرحدی واقعات کو پاک ایران تعلقات کے خلاف تیسرے فریق کی سازش قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ بعض ممالک بالخصوص امریکہ کرائے کے دہشتگردوں کے ذریعے پاک ایران سرحدی علاقوں کو بدامنی کا شکار کرکے ہمارے تعلقات کو خراب کرنا چاہتے ہیں جبکہ ہم نے اس حوالے سے اپنے پاکستانی بھائیوں کو مطلع کیا ہے کہ ہم اس تیسرے فریق یا ان بعض ممالک سے ہوشیار رہیں۔/۹۸۹/ف۹۷۲/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬