رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے مرکزی صدر محمد عالم ساجدی نے انقلاب اسلامی ایران کی 40ویں سالگرہ کی مناسبت سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حضرت امام خمینیؒ کی کرشمہ ساز شخصیت ہی تھی کہ جس نے ناصرف ایران کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑی، بلکہ عالمی سطح پر رونما ہونے والی سیاسی تبدیلیوں کی بھی پیشین گوئیاں کیں، جو ان کی رحلت کے بعد درجہ اتم پوری ہوتی چلی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حضرت امام خمینیؒ کی ہی پیش گوئی تھی کہ سوویت یونین بہت جلد پارہ پارہ ہو جائے گا اور دنیا نے دیکھا کہ خود کو سپر پاور سمجھنے والا ملک جب ٹوٹنے پر آیا، تو چھوٹی چھوٹی ریاستوں میں بکھرتا چلا گیا، یہ بصیرت، دانائی اور عملی مجاہد ہونے کی صفت امام خمینیؒ کو اہلبیت اطہار علیہم اسلام سے عشق اور ان کی تعلیمات پر آنکھیں بند کرکے کاربند رہنے کی بدولت حاصل ہوئی۔
محمد عالم ساجدی نے کہا کہ خصوصاً حضرت امام خمینیؒ نے ظالم کے خلاف قیام کرنے اور حق کیلئے اپنا تن من دھن قربان کرنا نواسۂ رسول حضرت امام حسینؑ سے سیکھا اور اسے عملی زندگی میں استعمال کرتے ہوئے ایک ایسی تاریخی ریاست کی بنیاد رکھی، جو آج ان کی وفات کے بعد بھی شیطان بزرگ امریکا اور اسکے حواریوں کو کھٹک رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب ایران کے بعد سے لیکر تاحال ملت جعفریہ حضرت امام خمینیؒ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے استعمار کے خلاف برسر پیکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رہبر معظم سید علی حسینی خامنہ ای کی بابصیرت قیادت نے ہمیشہ مظلومین کی حمایت میں ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کی ہے، یہی وجہ ہے کہ پیروان ولایت فقیہ دنیا بھر میں ظالموں کے خلاف قیام کرنے کے استعارہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ /۹۸۸/ ن