07 April 2019 - 20:29
News ID: 440118
فونت
پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف میں تاخیر کی بڑی وجہ قاتلوں کا دولتمند اور طاقتور ہونا ہے،

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف میں تاخیر کی بڑی وجہ قاتلوں کا دولتمند اور طاقتور ہونا ہے، پانچ سال کے بعد تمام تر قانونی جدوجہد کے باوجود حصول انصاف کی جدوجہد 17 جون 2014ء کی پوزیشن پر ہے، جب بھی کوئی پیشرفت ہوتی ہے، کوئی نہ کوئی رکاوٹ آجاتی ہے، یہ نظام مظلوموں کی بجائے ظالموں کا تحفظ کرتا ہے، حالات جیسے بھی ہیں مگر حصول انصاف کی جنگ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

فیڈرل کونسل کے اجلاس میں 8 سو سے زائد ممبران شریک ہوئے، اجلاس میں 2 قراردادیں بھی منظور کی گئیں، ایک قرارداد میں سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہداء کے ورثاء سے اظہار یکجہتی کیا گیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی اور سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیراعظم اور عوام کے انسانی ہمدردی پر مبنی برتاؤ پر انہیں مبارکباد دی گئی اور کہا گیا کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے انسانی ہمدردی پر مبنی کردار کی وجہ سے بین المذاہب رواداری اور امن و محبت کا پیغام دنیا کے ہر معاشرے تک پہنچا۔

قرارداد میں اقوام متحدہ کی طرف سے مذہب اور تعصب کی بنیاد پر دہشتگردی کیخلاف قرارداد کی منظوری پر مسرت کا اظہار کیا گیا اور قرارداد کے حق میں ووٹ دینے والے ممبر ممالک کو مبارکباد پیش کی گئی۔ ایک اور قرارداد میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف دلوانے اور ورثاء کی ہر حوالے سے سرپرستی کرنے پر قائد تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے خطاب میں منہاج ویمن لیگ کی تربیتی ورکشاپس کے شاندار انعقاد پر اور اصلاحی، فلاحی خدمات اور اقدامات پر تمام خواتین عہدیداران کو مبارکباد دی، ڈاکٹر طاہرالقادری نے منہاج یوتھ لیگ، مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ، علماء کونسل، شمالی پنجاب، سنٹرل پنجاب اور جنوبی پنجاب کے نائب ناظمین اعلیٰ کو شاندار تنظیمی کارکردگی پر مبارکباد دی۔

اول پوزیشن حاصل کرنے پر علامہ رانا محمد ادریس کو انعام دیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 13 رکنی سوشل میڈیا ٹیم کو بھی ان کی نامزدگی پر مبارکباد دی۔ فیڈرل کونسل کے اجلاس میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، قاضی زاہد حسین، خرم نواز گنڈا پور، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، جی ایم ملک، سید الطاف حسین شاہ، فیاض وڑائچ، قاضی شفیق الرحمن، انجینئر رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، مظہر محمود علوی، چودھری عرفان یوسف، فرح ناز نے شرکت کی۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬