رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے ملک کے اس فوجی کو معاف کر دیا ہے جسے ایک عراقی قیدی کو جان سے مارنے پر پچّیس سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
امریکی صدر ٹرمپ نے امریکی فوجی مائیکل بہنا کی سزا کو معاف کر دیا۔ اس امریکی فوجی نے دو ہزار نو میں عراق میں ایک قیدی کو ہلاک کر دیا تھا جس کے جرم میں اسے پچیس برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
پچیس برس قید کی سزا سنائے جانے کے بعد امریکی فوج کے عفو و درگذر کے محکمے نے بہنا نامی اس امریکی فوجی کی قید کی سزا دس سال کم کرواتے ہوئے پندرہ برس کروادی تھی اور اب امریکی صدر ٹرمپ نے اس امریکی فوجی کی سزا ختم کر دی اور اسے معاف کر دیا۔
یہ اقدام ایسی حالت میں عمل میں لایا گیا ہے کہ اس وقت سوشل میڈیا پر عراق کے صوبے کرکوک میں واقع علاقے الحویجہ میں عراقی سیکورٹی اہلکاروں پر امریکی جنگی طیاروں کے حملے کا مسئلہ، جس میں ایک شخص جاں بحق اور دو دیگر زخمی ہو گئے تھے، کافی زور پکڑے ہوئے ہے۔