رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تحریک بیداری امت مصطفٰی اور جامعہ عروۃ الوثقی کے سربراہ حجت الاسلام سید جواد نقوی نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایران کی جدید ٹیکنالوجی سے خوفزدہ ہے، ٹرمپ نے حملے کا حکم دے کر صرف اس لئے واپس لیا ہے کہ اس سے امریکہ کا سارا رعب و دبدبہ ملیا میٹ ہو جائے گا۔
ملک کی معاشی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ بے قابو معیشیت تباہی اور زوال کی طرف لیکر جا رہی ہے یہ خطرناک حدوں میں جا رہی ہے، روپے کی قیمت کم ہورہی ہے اور ڈالر کی قیمت بڑھ رہی ہے۔ روزمرہ ضرورت کی اشیاء جیسے چینی بغیر کسی وجہ کے مہنگی ہو رہی ہے اور اس کے اوپر ٹیکس لگایا جا رہا ہے۔ گیس، بجلی، پانی سمیت بنیادی ضرورت کی اشیاء کو مہنگا کر دیا گیا ہے، جس کو بنیاد بنا کر حکومت کیخلاف اپوزیشن نے بھی تحریک چلا دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے کوئی چارہ جوئی نہیں کی جا رہی۔
علامہ جواد نقوی نے کہا کہ تمام جماعتیں مل کر حکومت کو ناکام کرنے پر تلی ہوئی ہیں، پارلیمانی نظام کو بھی ناکام ثابت کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں کیوںکہ سسٹم ناکام ہوگیا تو نون لیگ یا پیپلز پارٹی اقتدار میں آ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن، عوام، حکومت، میڈیا اور اسٹیبلشمنٹ، یہ پانچوں اس نظام کی ناکامی کیلئے کوشاں ہیں۔ اپوزیشن حکومت کو گرانے کیلئے کوشاں ہے، عوام تماشا دیکھ رہے ہیں، میڈیا بھی یہی چاہ رہا ہے اور اسٹیبلشمنٹ بھی تماشائی بنی ہوئی ہے۔ پاکستان میں نصیریت کے فتنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ تشیع کیخلاف منظم سازش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جعفری تشیع کے مقابلے میں جعلی تشیع کو لایا گیا ہے۔ آج تشیع کو پرکھنے کا معیار موجود ہے کہ اگر امام جعفر صادقؑ کے دین کے تبیین کیساتھ مطابقت رکھتے ہیں تو وہ تشیع ہے اور اگر اس کے تعلیمات کے مطابق نہ ہو تو یہ جعلی شیعہ ہے۔
انہوں نے وضاحت کی ہے کہ امام کی تعلیمات اصول کافی اور فروع کافی میں موجود ہیں کوئی جزئی مسئلہ نہیں جو موجود نہ ہو، ان کتابوں میں توحید اور نبوت کو پیش کیا گیا ہے، دین کے ارکان کو کس طرح سے پیش کیا اور نماز اور روزہ کو کس طرح سے پیش کیا اگر اس کے ساتھ کوئی دین مطابقت نہیں رکھتا وہ جعفری تشیع نہیں ہے بلکہ وہ جعلی تشیع ہے یہ ایم آئی سکس کی تشیع ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو چیز قرآن کے مطابق ہے وہ تشیع ہے اور جو برعکس ہے وہ سازشی عناصر کی پیداوار ہے۔
انہوں نے کہا کہ امام جعفر صادقؑ کے دور میں بھی بنو امیہ نے ایسی سازش کی تھی، جسے امام نے ناکام بنا دیا تھا۔ آج پھر وہی سازش برطانیہ خفیہ ایجنسی ایم آئی سکس کر رہی ہے، یہ بنو امیہ سے زیادہ خونخوار ہے۔
امریکہ ایران کشیدگی کے حوالے سے علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ جس طرح کشتی کے رنگ میں جعلی طاقت دکھاتا ہے، اسی طرح اس نے جعلی طاقت سے ایران کو ڈرانے کی کوشش کی مگر ناکام ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ جنگی طیارے اور نیوی لیکر آیا مگر ایران نے امریکی ڈرون تباہ کرکے بتا دیا کہ وہ امریکہ کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ڈرون کی تباہی کے بعد ٹرمپ نے حملے کا حکم دیکر واپس لے لیا، کہ 150 ایران شہری مارے جائیں گے، ٹرمپ کو پینٹاگون نے بتا دیا تھا کہ آدھے گھنٹہ میں ایرانی امریکہ کا سارا رعب و دبدبہ بحیرہ عرب میں غرق کر دیں گے، یہ امریکہ کا رعب نہیں بلکہ امریکہ کی حکومت غرق ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی شہید پرور قوم ہیں، وہ لاشیں اٹھانا جانتے ہیں جبکہ امریکی تابوت نہیں اٹھا سکتے، ایرانیوں نے لاکھوں شہداء کے جنازے اٹھائے ہیں، جبکہ اگر امریکہ کے اندر جنازے اٹھے تو امریکی عوام ہی ٹرمپ کو گریبان سے پکڑ کر گھسیٹ لیں گے۔ اس لئے امریکہ ایران پر حملے کی حماقت نہیں کرے گا۔