26 January 2020 - 16:03
News ID: 442003
فونت
محمد اکرم رضوی :
انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ امریکہ نے اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کیلئے جعلی جہادی تنظیمیں کھڑی کی ہیں، اسلام امن و محبت، رواداری اور احترام انسانیت کا درس دیتا ہے۔

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد اکرم رضوی نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت قانونِ ناموسِ رسالت کو تبدیل یا ختم نہیں کر سکتی، عاشقان رسول اپنی جانوں پر کھیل کر 295-C کا تحفظ کریں گے۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو میں اکرم رضوی کا کہنا تھا کہ انتہا پسندی دینی مدارس نہیں جدید تعلیمی اداروں میں پھیل رہی ہے، کامل ایمان کیلئے حضور نبی کریم (ص) کیساتھ لامحدود محبت اور غیر مشروط وفاداری ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کیلئے نوجوان نسل کی تربیت ضروری ہو چکی ہے، مسلمان قرآن اور صاحب قرآن سے اپنا تعلق مضبوط بنائیں، قرآنی ہدایات و تعلیمات پر عمل ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے۔

اکرم رضوی کا کہنا تھا کہ اسلام میں شدت پسندی اور دہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں، امریکہ نے اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کیلئے جعلی جہادی تنظیمیں کھڑی کی ہیں، اسلام امن و محبت، رواداری اور احترام انسانیت کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے کہا حج کو مہنگا کرنا اسلام دشمن فیصلہ ہے، حکومت حج اخراجات میں کمی کی سبیل نکالے، حاجیوں کو سبسڈی نہ دینے کا فیصلہ مایوس کن ہے، مدینہ کی ریاست کا مطلب عوام کو تکلیف نہیں ریلیف دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نام تو مدینہ کی ریاست کا استعمال کرتے ہیں مگر قوانین اپنے ہی بنائے ہوئے لاگو کئے جا رہے ہیں جن کے باعث عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا تھا، اسلامی نظام ہی اس کے مسائل اور بحرانوں کا حل ہے۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬