رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت صحت کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کیانوش جہانپور نے بدھ کو اپنی پریس بریفنگ میں بتایا کہ ایران میں کورونا کے خلاف قومی مہم کامیابی کے راستے پر گامزن ہے۔
انھوں نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ایک ہزار نو سو ستانوے افراد کورونا میں مبتلا ہوئے جس کے بعد کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد کی سڑسٹھ ہزار دو سو چھیاسی ہو گئی۔
وزارت صحت کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں متاثرین کی تعداد میں کمی کے ساتھ ہی اموات میں بھی کمی کا سلسلہ جاری رہا۔ انھوں نے بتایا کہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے اموات کی تعداد ایک سو اکیس ریکارڈ کی گئی جس کے بعد کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد چار ہزار تین سو ہو گئی۔
ڈاکٹر کیانوش جہانپور نے کہا کہ خوش آیند بات یہ ہے کہ کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کا تناسب مسلسل بڑھ رہا ہے اور چوبیس گھنٹے میں مزید دو ہزار سات سو تہتر افراد مکمل طور پر صحتیاب ہوئے جس کے بعد ایران میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد انتیس ہزار آٹھ سو بارہ ہو گئی ہے۔/۹۸۸/ن