25 May 2020 - 15:12
News ID: 442818
فونت

تحریر: حجت الاسلام سید مشاہد عالم رضوی تنزانیہ 

عید توحید پرستوں کی ہے ، مسلمانوں کی ہے، قرآن پر چلنے والوں ، کعبہ  کو قبلہ تسلیم کرنے والوں اور رمضان کریم میں روزہ  رکھنے والوں کی ہے ، جن مسلمانوں نے حکم خدا کے احترام میں رمضان المبارک میں بھوک و پیاس اور شدت گرمی برداشت کی ، اپنے نفس پر قابو رکھا ، اپنی خواہشات پر لگام لگائے رہے ، آنکھوں کو حرام سے بچایا ، کانوں کو ناجائز آواز سے دور رکھا ، اپنی زبان جھوٹ ، تہمت ، غیبت وغیرہ وغیرہ سے بچائے رہے ، آئندہ سال کے لئے روحانی و معنوی توشہ جمع کیا ، شبہای قدر کی قدر کی ، مالک کی بخشش اور امید میں لمبے لمبے سجدے کئے ،  شوق بہشت اور خوف جہنم میں آنسو بہائے  ، کسی نادان و جاہل کی باتوں پر توجہ کئے بغیر اپنا مومنانہ عمل جاری رکھا  ۔

    عید اسکی ہے ، جی ہاں عید اسکی ہے   ، جن کے دل اللہ سے قریب ہوئے  ، بندوں کی محبت انکے قلوب میں داخل ہو گئی  ،صلہ رحم ، رشتہ داروں کی عزت کاجذبہ ابھرا ، غریبوں  ومسکینوں  کی بیکسی و پریشانی پر دل متوجہ ہوا یتیموں کا خیال آیا ، بیواوں کی مشکلات زندگی کا احساس جاگا اور بندگی  کے احساس و ادراک کے ساتھ انھیں بندگان خدا  کا بھی خیال آنے لگا  ، روزہ نے دل نرم کر دیئے محبتیں لوٹا دیں رحم و کرم کے سوکھے ہوئے چشمے پھر سے جاری کر دیئے آنکھوں میں مروت کے تارے جھل ملائے ، انسانیت  کو جگا دیا  ، دل و دماغ سے فقیر و غنی کا امتیاز جاتا رہا ، پست وبلند کا تصور مٹتا گیا اور کردار و عمل میں تقوی وطہارت معیار زندگی بن کر ابھر آیا ۔


تو آپ کہیں گے نہیں ؟! ایسے بھلے اچھے ایماندار کی عید ہے  ؟

وہی عید جو خوشیوں کا مدھر پیغام لاتی ہے ،بھائی بھائی کو  گلے ملاتی ہے ،جو منھ میٹھا کرتی اور دو دلوں کو جوڑتی ہے جس میں زکات فطرہ قبولیت عبادت کی ضامن بنتاہے ، بچے دوڑ دوڑ کر اپنے مہربان و شفیق بابا و  چچا کے ساتھ عیدگاہوں کو نماز عید پڑھنے جاتے ہیں ، عیدی لیتے ہیں ، خوشیاں مناتے ہیں اور نئے نئے کپڑے پہن کر خوشبو لگا کر دوستوں سے گلے ملتے ہیں ا ور زندگی بھر مل جل کر رہنے کا ہنر سیکھتے ہیں ، سیویاں پی کر مٹھائیاں بانٹ کر شام عید ڈھلتے ہی آئندہ عید کے چاند کا انتظار کرنے لگتے ہیں دیکھئے اگلی عید کسے نصیب ہو ؟ تو پھر عید کی یہ خوشیاں اسکی بھینی بھینی محبت و مٹھاس کی لذت و خوشبو آپکے لئے ماہ کامل بن جائے.

 ، غرہ شوال مبارک ہو  عید آپکی ہے ۔

/۹۸۸/ن

 

 

     

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬