رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں کی مساجد سمیت عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں بھی نماز عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔
حکومت کی جانب سے نماز عید کے اجتماعات کی احتیاطی تدابیر کے ساتھ اجازت دیے جانے کے بعد ملک بھر میں نماز عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے، تاہم اس موقع پر حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئیں احتیاطی تدابیر پر عمل بھی کیا گیا۔
پاکستان کے صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے اپنے الگ الگ پیغامات میں قوم کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کی ہے۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اس وقت تمام انسانیت کورونا وائرس کی تباہ کاریوں سے دوچار ہے اور بڑی بڑی طاقتیں اس وبا کے سامنے بے بس نظر آتی ہیں، قوم کو اس نازک صورتِ حال کا مقابلہ متحد ہوکر اور احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے کرنا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا اس سال عید الفطر کے موقع پر عالم انسانیت سخت آزمائش سے گزر رہی ہے۔/۹۸۸/ن