رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صوبہ سمنگان میں افغان انٹیلی جنس کے دفتر کے قریب کار بم دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں 4 طالبان دہشت گرد بھی شامل ہیں۔ وہابی دہشت گرد تنظیم طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔
سرکاری حکام کے مطابق یہ واقعہ شمالی افغانستان کے صوبہ سمنگان کے دارالخلافہ ایبک میں پیش آیا۔ کار بم دھماکہ افغانستان کے مرکزی خفیہ ادارے این ڈی ایس (نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی) کے دفتر کے قریب ہوا۔
گورنر صوبہ سمنگان کے ترجمان محمد صادق عزیزی نے کہا ہے کہ یہ ایک پیچیدہ حملہ تھا جس کا آغاز کار بم دھماکے سے ہوا اور اس کا اختتام اس وقت ہوا جب سکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کی فائرنگ کے تبادلے میں چاروں حملہ آور مارے گئے۔
صوبائی ہیلتھ ڈائریکٹر خلیل مصدق نے کہا ہے کہ حملے میں 11 افراد ہلاک ہوئے جن میں سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں جب کہ 43 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ادھر طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں موجودہ ہمارے فعال گروپ نے یہ حملہ کیا ہے۔