رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹر کی رپورٹ کے مطابق،حوزہ علمیہ امام محمد باقر علیہ السلام کے مدیر حجت الاسلام و المسلمین سید مختار حسین جعفری نے عالم اسلام کے مسائل میں رهبر معظم انقلاب اسلامی کے مشیر ایت اللہ تسخیری کے انتقال پر تعزیت پیش کی اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظھار کیا۔
اس تعزیت نامہ کا مکمل متن مندرجہ ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم۔
انا للہ و انا الیہ راجعون۔
آیۃ اللہ محمد علی تسخیری کے انتقال پر ملال کی خبر سن کر دل کو بہت بڑا صدمہ پہنچا، ایک انتہائی بلند و بالا شخصیت کے مالک انقلاب اسلامی ایران کے رکن اور بہت سارے مذھبی اداروں کے سرپرست آیۃ اللہ تسخیری ایک انتہائی پر اثر شخصیت تھے کہ جنہوں نے پوری دنیا میں شیعیت کے فروغ کے لئے انتہائی نا قابل فراموش خدمات انجام دی ہیں۔
ایک انتہائی ملنسار شخصیت تھے اور قم المقدسہ میں ہمارے قیام کے دوران وقتا فوقتا تہران میں ان کے دفتر میں ہماری ان سے ملاقات ہوتی تھی اور بندہ حقیر کو جو مجمع جھانی اہلبیت کی رکنیت حاصل ہوئی اس میں بھی آیۃ اللہ تسخیری نے ہی حقیر کو عمومی ممبر کے طور پر نامزد کیا تھا اور آج بھی بندہ حقیر مجمع جھانی اہلبیت کا عمومی ممبر ہے۔
آیۃ اللہ تسخیری ہی وہ شخصیت ہیں کہ جن کو مقام معظم رھبری نے ہماری ملاقات کے دوران ہمارے علاقے کے مسائل کا جائزہ لینے کا حکم دیا تھا اور خصوصی طور پر فرمایا تھا کہ ان کے مسائل کا جائزہ لیں اور ان کو حل کریں، چنانچہ اس زمانے میں آیۃ اللہ تسخیری سے کئی گھنٹوں پر مشتمل ہماری ملاقات کے دوران علاقے کے مسائل پر گفتگو ہوئی اور اس گفتگو کے بعد یہ طے پایا کہ علاقے میں ایک مدرسے کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور اس کے لئے انہوں نے بندہ حقیر کو مقدمات فراہم کرنے کی ذمہ داری لی اور اس طرح علاقے میں نمایندگی ولی فقیہ دہلی کی معاونت سے مدرسے کا قیام عمل میں آیا کہ جس کی خدمات اظہر من الشمس ہیں اور آج بہت سارے طلاب مدرسے کی خدمات کے نتیجے میں ایران میں تعلیم حاصل کرنے میں مصروف ہیں۔
آیۃ اللہ تسخیری انتہائی ملنسار شخصیت کے مالک، نہایت ہی شفیق و مہربان تھے اور ہر چار سال بعد مجمع جھانی اہلبیت کی طرف سے منعقد ہونے والی کانفرنسوں میں متعدد بار آیۃ اللہ تسخیری سے ملاقات کا شرف حاصل ہوتا رہا ہے اور بار بار ان کی نصیحتوں سے ہم فیضیاب ہوتے رہے ہیں۔
پروردگار متعال کی بارگاہ میں دعا ہے کہ وہ اس عظیم الشان شخصیت کے درجات کو بلند و بالا فرمائے اور انہیں جوار ائمہ معصومین علیھم السلام میں جگہ عنایت فرمائے اور ان کی خدمات کا بہترین صلہ انہیں عطا فرمائے۔
اس عظیم فقدان کے سلسلے میں ہم سب سے پہلے امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی خدمت میں تسلیت پیش کرتے ہیں اور اس کے بعد مقام معظم رھبری اور مراجع کرام اور دیگر علمائے کرام کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں کہ جو ان کے فقدان سے متاثر ہوئے ہیں اور ان کے پسماندگان کے لئے بارگاہ خداوندی میں دعا گو ہیں کہ وہ انہیں صبر جمیل عطا فرمائے اور اجر جزیل سے نوازے اور ان کے جانے سے جو خلا پیدا ہوا ہے خداوند متعال امام زمانہ کے صدقے میں اس خلا کو پر کرے۔
والسلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ۔
سید مختار حسین جعفری
مدیر حوزہ علمیہ امام محمد باقر علیہ السلام
۱۹ اگست ۲۰۲۰
/۹۸۸/ن