19 August 2020 - 23:00
News ID: 443496
فونت
مولانا سید صفی حیدر زیدی:
عالم اسلام کے مسائل میں رہبر انقلاب کے مشیر آیۃ اللہ محمد علی تسخیری رحمۃ اللہ کی وفات پر تنظیم المکاتب کے سکریٹری حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید صفی حیدر زیدی نے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔

رسا نیوز ایجنسی کے رپورٹر کی رپورٹ کے مطابق، رہبر انقلاب آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای دام ظلہ کےعالم اسلام کے مسائل میں مشیر آیۃ اللہ محمد علی تسخیری رحمۃ اللہ کی وفات پر تنظیم المکاتب کے سکریٹری حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید صفی حیدر زیدی نے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے بیان کیا کہ مرحوم استادالفقہاء آیۃ اللہ العظمیٰ سید ابوالقاسم الخوئی اور شہید عالی مقام آیۃ اللہ سید محمد باقر الصدر کےشاگردوں میں نمایاں حیثیت رکھتے تھے۔ انھیں ان بزرگوں سے علم وعمل اور شعور و بصیرت کی بھرپور سوغات ملی تھی۔

مولانا سید صفی حیدر زیدی نے کہا کہ آیۃ اللہ تسخیری نے خاص کر شہید آیۃ اللہ باقر الصدر ؒ سے کسب فیض کیا اور جوکچھ بھی اس عظیم الشان شہید سے حاصل ہے اس پر تاحیات عمل کیا جو اہل علم کے پیش نظر ہے۔

سکریٹری تنظیم المکاتب نے بیان کیا کہ دشمن کی ہمیشہ سے یہی سازش رہی کہ امت اسلامی خود آپس میں برسرپیکار رہےاور اسی مقصد کی خاطر اس نےشیعہ و سنی دونوں جانب کچھ شدت پسندوں کی کہیں کھل کر کہیں پس پردہ حمایت کی اور ان کو پروان چڑھایا اور چڑھا رہا ہے۔ آیۃاللہ تسخیری نے رہبر کبیر انقلاب حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ امام خمینی قدس سرہ اور شہید باقر الصدر کے افکار و تعلیمات کے ذریعہ دشمن کی تمام سازشوں کو بے نقاب کیا اوراسلامی امت میں وحدت کی خوشگوار فضاقائم کی جس کے بابرکت ثمرات آج ہمارے سامنے ہیں۔ اور اسی سبب یہ عظیم ذات ہمیشہ دشمن کے نشانہ پر رہی۔

مولانا سید صفی حیدر زیدی نے بیان کیا کہ امام خمینیؒ اور رہبر انقلاب آیۃ اللہ خامنہ ای دام ظلہ کے افکارکہ جس میں اسلامی امت کی حیات اور اسلام و انسانیت دشمنوں کی ناکامی و رسوائی ہے ، کو آیۃ اللہ تسخیریؒ نے عملی شکل دی اور اسی روش پر شاگرد تربیت فرمائےتاکہ یہ افکار نسلوںمیں سفر کریں۔

آپ کے شاگردوں میں سرفہرست آیۃ اللہ محسن اراکی دام عزہ ہیں جو آج عالمی سطح پر اسلامی وحدت کے لئے کوشاں ہیں۔ وہ ایک بابصیر اہل قلم تھے۔ اور اسلامیات پر ان کی تحریریں راہنما ہیں۔ کثرت کار وکثرت سفر کےباجودا ن کی تحریریں ثبوت ہیں کہ اللہ اللہ والوں کے وجود میںبس برکت دیتا ہے۔ ان کی ان ہی خوبیوں کی وجہ سے رہبر انقلاب نے ان کی صحت کی خرابی کے بعد انھیں اپنے مشیروں کے حلقہ میںشامل کر لیا جو خود ایک بہت بڑا شرف ہے۔ میں نے خود اپنی آنکھوں سے ان سے نہایت محبت و احترام کے ساتھ ملتے اور مزاج پرسی کرتے دیکھا ہے۔

آخر میں مولاناسید صفی حیدر زیدی نے فرمایا کہ آیۃ اللہ تسخیری کی اچانک رحلت ایک عظیم دینی ، علمی، فکری،قومی اور انقلابی خسارہ ہے۔ ہم اس عظیم مصیبت پر حضرت ولی العصر عجل اللہ فرجہ الشریف، رہبر عظیم الشان آیۃاللہ العظمیٰ خامنہ ای دام ظلہ، حوز علمیہ، ملت ایران اور سوگوار خانوادہ کی خدمت میں تعزیت عرض کرتے ہیں۔/۹۸۸/ن

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬