
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے مکہ میں کرین حادثے کے نیتجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اسے افسوسناک سانحہ قرار دیا ہے ۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : ہم اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اس حادثے کا نشانہ بننے والے افراد کو اللہ تعالیٰ نے شہادت کے رتبے سے نوازہ ہے ۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری نے تاکید کرتے ہوئے کہا : مکہ میں کرین حادثے میں شہید ہونے والوں کے درجات بلاشبہ بلند ہیں تاہم ان عوامل کا پتا لگایا جانا انتہائی ضروری ہے جو اس کے محرکات بنے ۔
انہوں نے بیان کیا : محض آندھی اور بارش سے کرین کا گر جانا بہت سارے سوالات کو جنم دیتا ہے۔اتنی اہم جگہ پر تعمیراتی کام کے دوران مشینری کی تنصیب میں ایسی غیر ذمہ داری کیوں برتی گئی جواس ناقابل تلافی نقصان کا باعث بنی ۔
حجت الاسلام ناصر نے اس سانحہ میں شہید ہونے والوں کی بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔