رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام کشمیر میں ہندوستانی ظلم و جبر کیخلاف ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا ۔
علماء اہلسنّت نے مسئلہ کشمیر کو خطبات جمعہ کا موضوع بنایا اور ملک بھر میں اہلسنّت کی لاکھوں مساجد میں جمعہ کے اجتماعات میں ہندوستانی فوج کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کی شہادتوں کیخلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور مختلف شہروں میں نماز جمعہ کے بعد مساجد کے باہر ہندوستان مخالف احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔
چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا : کشمیر جل رہا ہے اور عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، اقوام متحدہ ہندوستان کو دہشتگرد ریاست قرار دے۔
ہمارے وزیراعظم کی مودی سے دوستی کی وجہ سے کشمیری پاکستان سے مایوس ہو چکے ہیں، مولانا فضل الرحمن پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے ناکام اور نااہل چیئرمین ثابت ہوئے ہیں اس لئے مولانا فضل الرحمن کو کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے سے برخواست کیا جائے۔