رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اپنے پاکستانی ہم منصب کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کرنے والے ایران کے اٹارنی جنرل حجت الاسلام و المسلمین محمد جعفر منتظری نے پاکستانی عدلیہ کے اعلی عہدیداروں سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔
ایران کے اٹارنی جنرل حجت الاسلام و المسلمین محمد جعفر منتظری نے پاکستان کے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کے ساتھ ملاقات میں سانحہ کوئٹہ پر تعزیت پیش کی اور دونوں ملکوں کے درمیان قانونی اور عدالتی تعاون کے فروغ پر زور دیا۔
اس موقع پر اسلام آباد میں متعین ایرانی سفیر مہدی ہنردوست بھی موجود تھے۔ ایران کے اٹارنی جنرل اور پاکستان کے چیف جسٹس کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان قیدیوں کے تبادلے سے متعلق معاہدے پر بھی بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں منشیات کی روک تھام، سرحدی معاملات، وکلا کی تربیت، نیز تجربات کے تبادلے پر بات چیت کی گئی ۔ ایران کے اٹارنی جنرل نے بعد ازاں پاکستان کے وزیر انصاف، احستاب بیورو کے چیئرمین اور سپریم کورٹ بار کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کی۔
ایران کے اٹارنی جنرل حجت الاسلام و المسلمین محمد جعفر منتظری نے ہمارے نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان جیسے دوست اور مسلمان ممالک کے درمیان عدالتی اور قانونی تعاون کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے پاکستانی حکام کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کو سود مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کے درمیان سمجھوتوں پر عملدرآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ /۹۸۸/ن۹۴۰