09 November 2016 - 11:42
News ID: 424358
فونت
حجت الاسلام والمسلمین راجہ ناصر عباس جعفری:
سرزمین پاکستان کے مشھور و معروف شیعہ عالم دین حجت الاسلام والمسلمین راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم اقبال کے موقعہ پر اپنے جاری کردہ بیان میں کہا: اقبال نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا موجودہ پاکستان اسکی حقیقی تعبیر نہیں ۔
حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری

 

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام والمسلمین راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم اقبال کے موقعہ پر میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ علامہ اقبال نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا، موجودہ پاکستان اس کی حقیقی تعبیر نہیں ہے۔

حجت الاسلام والمسلمین جعفری نے کہا: اس عظیم دانشور کا پیغام کسی ایک خطے کے لئے نہیں تھا۔ انہوں نے پوری امت مسلمہ کو جھنجھوڑا، تاکہ مسلمانوں کو ان کی عظمت رفتہ یاد دلائی جا سکے۔ اس وقت امت مسلمہ کی تنزلی و انتشار کا بنیادی سبب باہمی نفاق ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بیشتر مسلم ممالک تباہ حالی کا شکار ہیں۔ علامہ اقبال مسلمانوں کے اتحاد و اخوت کے داعی تھے۔ ان کے نزدیک مسلمانوں کی خستہ حالی سے نجات کا واحد راستہ اتحاد امت تھا۔ جس کا انہوں نے اپنی شاعری میں بارہا تذکرہ کیا۔ علامہ اقبال کے فلسفہ خودی پر عمل ہمیں دنیا کی باقی قوموں کے سامنے باوقار مقام دلا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا : اس وقت ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں علامہ اقبال کی شخصیت پر ڈاکٹریٹ کی تعلیم دی جا رہی ہے، تاکہ لوگ ایک بہترین فلاسفر، شاعر اور دانشور کی تعلیمات سے آشنا ہوسکیں۔ ہمیں اقبال کی تعلیم کو محض شاعری تک محدود رکھنے کی بجائے ان کے فلسفہ کو بھی سکول اور کالجز میں پڑھانا چاہیے، تاکہ ہمارے نوجوان ایک بہترین فکر سے روشناس ہوسکیں۔ زندہ قومیں اپنے محسنوں کی قدر دان ہوتی ہیں۔ یوم اقبال کی چھٹی کا منسوخ کیا جانا اس گراں قدر شخصیت سے حکمرانوں کی عدم دلچسپی کا اظہار ہے، جو قوم کے لئے تکلیف دہ ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے پاکستان کے قومی شاعر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ہر سطح پر تقریبات کا انعقاد کئے جانے کی تاکید کی ۔/۹۸۸/ن۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬