
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تسنیم نیوز ایجنسی نے بیان کیا ہے پیر کے دن، عراق میں «الفرات الاوسط» آپریشنل کمان کے کمانڈر قیس عبدالکریم نے اربعین حسینی کے موقع پر پرسکون اور پرامن ماحول میں کروڑوں عقیدت مندوں کی موجودگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تکفیری گروہ داعش اور دیگر دہشتگردانہ حملوں اور سکیورٹی دھمکیوں کے خطرے کے باوجود امام حسین (ع) کے چہلم کے موقع پر زائرین اربعین کی حفاظت کے لئے تشکیل دیے گئے سکیورٹی پلان پر کامیاب عملدرآمد کیا گیا۔
قیس عبدالکریم نے مزید کہا کہ عراق کی سکیورٹی فورسز نے آٹھ دہشتگردوں کو بھی گرفتار کیا ہے کہ جو ان ایام میں کربلائے معلی میں کار بم حملہ کرنا چاہتے تھے۔
عراقی حکام کا کہنا ہے کہ اس برس زائرین اور عزاداروں کی حفاظت کے لئے تیس ہزار سیکورٹی اہلکاروں کی خدمات حاصل کی گئیں اور وہ اس مہم میں کامیاب بھی ہوگئے۔ اس طرح عراقی حکام کی جانب سے چہلم سید الشہداء علیہ السلام کے بہترین انعقاد اور عزاداروں کی سکیورٹی و حفاظت میں بہترین کردار ادا کرنے پر عراق کی سکیورٹی فورسز کی قدردانی بھی کی گئی۔
سید الشہداء حضرت امام حسین (ع) کا چہلم اکیس نومبر کو عراق میں منایا گیا جس میں اہل بیت اطہار علیہم السلام کے عاشق، دنیا بھر سے سرزمین کربلا میں اکٹھا ہوگئے تھے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/