رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے زیر انتظام کشمیرکی حریت کانفرنس (گیلانی) کے سربراہ سیدعلی شاہ گیلانی نے اپنے ایک بیان میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ایپل ٹاون سوپور اور جنوبی کشمیر کے پلوامہ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے استعمال اور درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی مذمت کی۔
خیال رہے کہ کشمیری حریت کانفرنس کے رہنماوں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے جمعرات کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں کمسن طالب علم عامر نذیر کی ہلاکت کے خلاف جمعہ کو مکمل ہڑتال اور نماز جمعہ کے بعد پُرزور احتجاجی مظاہرے کرنے کی اپیل کی تھی۔
دوسری جانب وادئ کشمیر میں دو دنوں تک معطل رہنے والی ریل سروس آج ہفتہ کو بحال کردی گئی۔
واضح رہے وسطی کشمیر کے بڈگام اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان ریل سروس 9 مارچ کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والے مسلح تصادم کے پیش نظرمعطل کی گئی تھی۔/۹۸۸/ ن۹۴۰