![حیدر العبادی](/Original/1395/03/05/IMG14100418.jpg)
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی نے گزشتہ روزعراق میں تعینات ہونے والے ایران کے نئے سفیر ایرج مسجدی کے ساتھ ملاقات کی۔
اس ملاقات میں فریقین نے دوطرفہ تعلقات سمیت خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی نے اس ملاقات میں کہا کہ دہشتگرد، اسلامی جمہوریہ ایران اورعراق کے درمیان تعلقات کو خراب کرنے کی سازش کررہے تھے مگر ان کی سازشیں ناکام رہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے مزید قریب آگئے ہیں۔
عراقی وزیر اعظم نے تکفیری دہشتگردوں اور داعش کے خلاف جنگ میں عراق کی مکمل حمایت کرنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تہران، بغداد تعلقات مضبوط ہیں اور دہشتگرد ان تعلقات کو سبوتاژ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
اس موقع پر ایران کے نئے سفیر نے کہا کہ عراق کے ساتھ باہمی تعلقات کو فروغ دینا ان کی ترجیح ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران اس مقصد کے لئے عراق کی حمایت جاری رکھے گا۔
یاد رہے کہ ایرج مسجدی نے گزشتہ روزعراق کے صدر فواد معصوم کے ساتھ ملاقات میں اپنی اسناد تقرری پیش کیں اور صدر اور وزیر اعظم کے علاوہ انہوں نے عراقی اسپیکر کے ساتھ بھی ملاقات کی۔/۹۸۹/ف۹۳۰/ک۲۴۳/