رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر حجت الاسلام سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ حضرت امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ کے مزار اقدس اور ایرانی پارلیمنٹ پر حملہ امریکہ اور اس کے عرب اتحادیوں کے گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے، دنیا سمجھ چکی ہے کہ حرمین شریفین کے دفاع کا نعرہ لگا کر تحفظ کی اپیل کرنیوالا خاندان دنیا میں بدامنی اور دہشتگردی کا باعث بن رہا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایران میں حملوں کی ذمہ داری قبول کرنیوالی دہشتگرد تنظیم امریکی فنڈنگ اور اس کے عرب اتحادی ملک کے نظریات کی پیداوار ہے۔
حجت الاسلام سبطین سبزواری نے کہا کہ عرب ملک کے وزیر دفاع نے ایران کو دھمکی دی تھی کہ وہ ایران کا انتظار نہیں کریں گے، بلکہ جنگ ایران تک لے جائیں گے، تو انہوں نے اپنی منصوبہ بندی پر عملدرآمد کرلیا ہے، جس کے منفی اثرات دنیا پر پڑیں گے اور مسلم ممالک کے درمیان خلیج بڑھنے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی مسلمان ملک کو امریکی ٹاوٹ کا کردار ادا نہیں کرنا چاہیے، امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے فضا ساز گار بنانا از حد ضروری ہے۔ اخوان المسلمون مصر، حزب اللہ لبنان اور فلسطین کی حماس تحریکوں کو دہشتگرد قرار دینے والے اسرائیل کا تحفظ چاہتے ہیں تو کیسے مسلمان ہیں جنہیں فلسطینیوں پر ہونیوالے مظالم نظر نہیں آ رہے، اس حوالے سے حماس کے ترجمان کا بیان خوش آئند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کے اتحادی عرب ممالک کو فلسطینیوں کے حقوق کیلئے بولنے کی کبھی توفیق نہیں ہوئی لیکن فلسطینیوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کرنیوالی جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، یہ امریکی ایجنڈا ہے جس کی تکمیل مسلم ممالک کے ذریعے ہو رہی ہے۔
حجت الاسلام سبطین سبزواری نے کہا کہ ایران کیخلاف عرب ریاستوں کو اسلحہ فروخت کرنیوالا امریکہ خود دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ہے جو ایک خود مختار ملک کو تنہا کرنے کا اعلان کرتا اور منتخب اسلامی جمہوریت کو ختم کرنے کیلئے بجٹ مختص کرتا ہے، جدید دنیا میں اس سے زیادہ شرمناک بات نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے کہا کہ مسلکی سعودی اتحاد کے رکن ممالک کو یاد رکھنا چاہیے کہ امریکہ نے کبھی کسی سے وفا نہیں کی، اسلحہ فروخت کرنا اور قوموں کو آپس میں لڑانا اس خناس کا پرانا وطیرہ ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/