رسا نیوز ایجنسیی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کی شیعہ اور سنی جماعتیں آج شام 3 جولائی کو 8 شوال یوم انہدام جنت البقیع کی مناسبت سے احتجاجی مظاہرے کریں گی ۔
مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، ڈپٹی سکریٹری جنرل محمد اصغر تقی اور صوبائی ترجمان ثقلین نقوی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ آل سعود حکومت کی جانب سے 8 شوال کو جنت البقیع میں صحابہ کرام، اُمہات المومنین اور آئمہ اطہار کی قبور کو مسمار کرا دیا گیا تھا، جس کے بعد 8 شوال کو دنیا بھر میں آل سعود کی اس اسلام دشمن حرکت کے خلاف یوم احتجاج منایا جاتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے صحابہ کرام، اُمہات المومنین اور آئمہ اطہار کی قبور کو مسمار کرانا عالم اسلام کے منہ پر طمانچہ ہے، ان مقدس ہستیوں کی قبور مسلمانوں کے لیے مرکز ہدایت ہیں۔
دوسری جانب شیعہ اورسنی جماعتیں آج 8 شوال کو ملک بھر میں یوم مذمت انہدام جنت البقیع منائیں گی۔ مجلس وحدت مسلمین، شیعہ علماء کونسل، انٹرنیشنل شیعہ فرنٹ لاہور، مختار فورس، شیعہ شہریان لاہور، شیعہ پولیٹیکل پارٹی، سنی اتحاد کونسل، جماعت اہلسنت پاکستان اور نظام مصطفے پارٹی کے رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ پیر 8 شوال کو حجاز مقدس میں جنت البقیع اور جنت المعلی میں امہات المومنینُ، صحابہ کرام اور اہلبیت اطہارؑ کے مزارات مقدسہ کو مسمار کرنے کے سانحہ کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور سعودی حکومت سے مطالبہ کیا جائے گا کہ جنت البقیع اور جنت المعلی میں مزارات مقدسہ کو از سر نو تعمیر کیا جائے کیونکہ ان مزارات مقدسہ کے انہدام سے دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور کروڑوں عاشقان رسول شدید اضطراب اور تشویش میں مبتلا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مزارات مقدسہ کا انہدام مجرمانہ عمل ہے جس پر اسلامیان عالم سراپا احتجاج ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ مزارات کو فوری تعمیر کیا جائے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ہر سال شیعہ اور سنی جماعتیں 8 شوال کو یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پراحتجاجی مظاہرے کر کے آل سعود کے اقدام کی مذمت کرتی ہیں۔/۹۸۸/ن۹۴۰