رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکمران خاندان چوری پکڑے جانے پر بوکھلاہٹ کا شکار ہے، نواز شریف کا وزیراعظم ہوتے ہوئے دبئی میں ملازمت کرنا پوری قوم کیلئے باعث شرم ہے۔
انہوں نے بیان کیا : جنرل مشرف سے معاہدہ کرکے جدہ بھاگ جانیوالا ہیرو نہیں زیرو ہے، پیسے کی ہوس نے شریف خاندان کو رسوائی اور پسپائی کی علامت بنا دیا ہے، پچھلے چار سالوں میں دس ارب روپے شریف خاندان کی سکیورٹی پر خرچ ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خادم اعلی نے لاہور میں اپنے پانچ ذاتی گھروں کو وزیراعلی ہاؤس کا درجہ دے رکھا ہے، مستونگ میں ہزارہ برادری کے 4 افراد کی ٹارگٹ کلنگ قابل مذمت ہے، ہزارہ برادری کو مسلسل دہشتگردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور بلوچستان حکومت مظلوم ہزارہ برادری کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے۔
صاحبزادہ حامد رضا کا مزید کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ عمران نامہ نہیں عبرت نامہ ہے، نواز شریف مرد بحران نہیں مورد بحران ہیں، ن لیگ جنرل ضیا کی باقیات ہے، کرپٹ حکومت کے اتحادی قوم سے غداری اور کرپشن سے وفاداری کر رہے ہیں، شریف خاندان کی سیاست کا مرکز و محور کرسی، کمیشن اور کرپشن ہے، حکمران پاناما کیس کو لٹکانے کیلئے تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں، شریف فیملی تیس سال اقتدار میں رہنے کی وجہ سے پاکستان کی امیر ترین فیملی بن چکی ہے۔
چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ انتخابی اصلاحات پر پارلیمنٹ سے باہر کی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے، حکمران خاندان سے چوری کا مال مسروقہ واپس لیا جائے، حکمران خاندان قارون کا پیروکار ہے، اسلامی عسکری اتحاد بارے قوم کو اعتماد میں لیا جائے، اقوام متحدہ بھارت کی سرحدی دہشتگردی کا نوٹس لے، تھرڈ ایمپائر فوج نہیں عدلیہ ہے، پوری قوم اور پاک فوج کرپشن کے خاتمے اور قانون کی حکمرانی کیلئے سپریم کورٹ کیساتھ ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/