رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ فیصل آباد میں آئندہ الیکشن کیلئے کونسل کے متوقع امیدواروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت جسٹس نجفی رپورٹ منظر عام پر لانے کے عدالتی حکم پر عمل کرے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن ختم ہوتے ہی این اے 120 میں ترقیاتی کام رُک گئے ہیں، اسحاق ڈار دو ماہ سے دفتر نہیں آیا، اس سے استعفیٰ لیا جائے، ن لیگ لندن اور ن لیگ پاکستان میں سے پی ایس پی نکلے گی، نواز شریف نے امریکہ میں لابنگ کیلئے خفیہ فنڈ سے مہنگی امریکی فرم کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شریف خاندان خود کو بڑا اور قانون کو چھوٹا سمجھنے کی بیماری کا شکار ہے، حدیبیہ پیپرز کیس کھلے گا تو لوگ پاناما کو بھول جائیں گے۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ بجلی کے نرخوں میں تازہ اضافہ غریب عوام پر ظلم ہے، ن لیگ تنکوں کی طرح بکھرنے والی ہے، آزاد بلوچستان مہم کے پیچھے را کا ہاتھ ہے، سوئٹزرلینڈ کی سرزمین کا پاکستان کیخلاف استعمال ہونا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، عالمی سطح پر بھارتی لابی کی پاکستان مخالف سرگرمیوں کے توڑ کیلئے ہماری حکومت نے کچھ نہیں کیا۔
چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ کی مسلسل فوج پر تنقید کے باوجود فوجی قیادت صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے، ڈاکٹر یاسمین راشد نے تخت لاہور کی چولیں ہلا دی ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا خون ضرور رنگ لائے گا، جسٹس نجفی رپورٹ منظر عام پر لانے کا عدالتی حکم خوش آئند ہے۔
اجلاس میں میاں فہیم اختر، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، سرفراز احمد تارر، حاجی رانا شرافت علی قادری، بیرسٹر حسین رضا، راؤ حسیب احمد اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں سنی اتحاد کونسل کے انتخابی منشور کی تیاری کیلئے کمیٹی بھی قائم کی گئی۔/۹۸۹/ف۹۴۰/