رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وزرات خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے سعودی وزیر خارجہ کے ایران مخالف بیان پر کہا ہے کہ افسوس کا مقام ہے کہ سعودی حکام ایران کے تعلق سے اپنی غلط اور لاحاصل روش جاری رکھنے پر مصر ہیں ۔یاد رہے کہ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے لندن کے چیٹھم ہاؤس تھنک ٹینک میں ایران کے خلاف بے بنیاد دعووں کی ایک بار پھر تکرار کی ہے ۔
انھوں نے دعوا کیا کہ یمن، شام اور پاکستان میں بقول ان کے ایران کے مخاصمانہ اقدامات جاری ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ایران اس وقت بقول ان کے شرپسندی سے کام لے رہا ہے تو ایٹمی اسلحہ بنالینے کے بعد کیا کرے گا۔
انھوں نے یہ دعوا بھی کیا کہ ایران بقول ان کے عراق پر اپنا تسلط جمانا چاہتا ہے ۔ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے سعودی وزیر خارجہ کے ان بے بنیاد دعووں کے جواب میں کہا ہے کہ سعودی حکام کو ایران کے خلاف امریکی حکام کی لاحاصل پالیسیوں اور بے نتیجہ تکراری بیانات سے بہت زیادہ خوش اور ہیجان زدہ نہیں ہونا چاہئے ۔
انھوں نے کہا کہ سعودی حکام کو امریکا کے فریب میں آنے کے بجائے، ان بحرانوں سے نکلنے کا باعزت راستہ تلاش کرنا چاہئے جن سے وہ ملک کے اندر اور اس علاقے میں دوچار ہیں ۔
انھوں نے سعودی حکام کو نصیحت کی کہ اپنے ملک اور علاقے کے عوام کو، تنگ نظری اور خوش فہمی پر مبنی غلط اندازوں کی بھینٹ نہ چڑھائیں بلکہ دور اندیشی سے کام لیں، اپنی بھلائی کے بارے میں سوچیں، اپنی ذمہ داریوں پر عمل کریں اور ہر قسم کے تعصب اور ضد سے پرہیز کرتے ہوئے علاقے کے حقائق کو تسلیم کریں ۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰