رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکز تربیت المبلغین جامعہ امداد العلوم عیدگاہ خان پور کا 7 واں سالانہ اجتماع بسلسلہ سیرت رحمت اللعالمین و حمد و نعت کانفرنس پاکستان علماء کونسل کے مرکزی وائس علامہ عبدالکریم ندیم کی رقت انگیز دعاؤں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ شرکاء نے عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے ہرقسم کی قربانی دینے کا عزم کیا، بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے فیصلے کے خلاف مذمتی قرار دادیں پیش کی گئیں۔
اجتماع سے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین علامہ طاہر محمود اشرفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ممالک صرف ایک دن کے لیے امریکہ کا سفارتی بائیکاٹ کر دیں تو عالمی حالات تبدیل ہو جائیں، صرف جرات مندانہ کردار کی ضرورت ہے، پاکستان کو عراق اور شام بنانے کے خواب دیکھنے والے ناکام و نامراد ہوں گے ۔
مولانا غلام مصطفی جتوئی نے کہا کہ جامعہ امداد العلوم اہل حق کا عظیم مرکز اور علامہ عبدالکریم ندیم سمیت مجھ سمیت ہزاروں خطبا، علماء اور مقررین کے استاد ہیں۔
اجتماع سے جے یو آئی (ف) پنجاب کے سرپرست علامہ عبدالرؤف ربانی، جے یو آئی (س) جنوبی پجاب کے صدر مولانا مفتی محمد اسعد درخواستی، پاکستان علما کونسل کے مرکزی چیئرمین کے معاون خصوصی مولانا محمد احمد ندیم، صوبائی ترجمان مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا پیر اسعد، حبیب شاہ جمالی، علامہ بشیر احمد عثمانی، مولانا قاری فاروق احمد، مفتی شہباز عالم فاروق، مولانا نسیم احمد صدیقی، وفاق المدارس العربیہ کے ضلعی مسئول مولانا قاری عامر فاروق عباسی ودیگر علماء نے خطاب کیا۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰