رسا ںیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران میں سلامتی اور استحکام اس قوم پر منحصر ہے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے علاقائی اتحادیوں کے برعکس انتخابات میں رائے کا اظہار اور تنقید کرنا ہماری قوم کا حق ہے.
محمھ جواد ظریف نے کہا کہ ایرانی قوم کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا اور اثرورسوخ ڈالنے والے عناصر کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ تشدد اور تخریب کاری کے ذریعے ہماری قوم کے حقوق کو متاثر کریں.
واضح رہے کہ گزشتہ پانچ روز کے دوران ایران کے مختلف شہروں میں مہنگائی اوراقتصادی صورتحال کے خلاف پرامن احتجاج کیا گیا جس میں عوام نے حکومت سے مہنگائی اور افراط زر سے متعلق مسائل کے جلد حل کا مطالبہ کیا.تاہم ان احتجاجی مظاہروں میں بعض شرپسند عناصر شامل ہوئے جن کا مقصد مختلف شہروں میں پرامن احتجاج کو پر تشدد رنگ دینا تھا ۔
صدر حسن روحانی کی قیادت میں ایرانی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ پرامن احتجاج عوام کا حق ہے اور حکومت ان کی بات سنے گی تاہم شرپسند عناصرکے خلاف بھرپور انداز میں ایکشن ہوگا.
دوسری جانب آج ایران کے مختلف شہروں میں شرپسندوں اورغیر ملکی مداخلت کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے اور ایران، رہبر معظم انقلاب اسلامی اوراسلامی نظام کے حق میں نعرے لگائے اور رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے تجدید عہد کیا۔/۹۸۸/ ن۹۴۰