رسا نیوز ایجسنی کی رپورٹ کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ 13 جنوری کو لاہور میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا، ہزاروں مشائخ لاکھوں مریدوں کے ساتھ داتا دربار پہنچیں گے، حقیقی علماء و مشائخ نے حکومتی علماء کنونشن کا بائیکاٹ کرکے غیرت کا ثبوت دیا ہے، نواز شریف کی تحریک عدل دراصل عدلیہ و فوج مخالف مہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا اوقافی علماء کا درباری شو ناکام ہو گیا ہے، لاہور کا اجتماع ختم نبوت کے غداروں کی رخصتی تک جاری رہے گا، حکومت وینٹی لیٹر پر چل رہی ہے، بلوچستان کا سیاسی بحران دوسرے صوبوں کو بھی لپیٹ میں لے گا۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاک فوج نے امریکی امداد مسترد کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، عدلیہ اور فوج کیخلاف بولنے والا نواز شریف بھارت اور امریکہ کیخلاف زبان کیوں نہیں کھولتا، پاکستان کو غلامانہ نہیں دلیرانہ خارجہ پالیسی کی ضرورت ہے، ہمارے بزدل حکمران قومی سلامتی کے تحفظ کے تقاضے نبھانے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔
انہوں نے کہا کہ مشائخ کا متحد ہونا ملک کیلئے نیک شگون ہے۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا مزید کہنا تھا کہ پیر سیال شریف کی کال پر لاہور میں ہونیوالا تاریخی اجتماع ملکی سیاست کے دھاروں کا رخ موڑ دے گا، رانا ثناءاللہ اور اس کے سرپرست عبرت کا نشان بننے والے ہیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/