رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ کاظم صدیقی نے نماز کے خطبوں میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ حالیہ فتنوں اور ہنگاموں میں منافقین کے دہشت گرد گروہ اور ایرانی عوام کے دشمنوں کا حقیقی چہرہ ایک بار پھر بے نقاب ہوگیا کہا کہ ایران کے عوام نے پوری ہوشیاری کے ساتھ خود کو ہنگامے کرنے والوں اور موقع پرستوں سے الگ کرلیا۔
تہران کے خطیب جمعہ نے ایران میں ہنگامے اور فتنے برپا کرنے کے لئے غیرملکی ایجنٹوں اور طاقتوں کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ایران کے عوام اپنی آزادی و خود مختاری کی حفاظت اور عالمی استکبار کی توسیع پسندی کا مقابلہ کرتے رہیں گے انہیں دشمنوں کے اس طرح کے فتنوں کا سامنا بھی رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے اب تک دشمنوں کی سبھی سازشوں اور منصوبوں کو ناکام بنایا ہے اور استقامتی محاذ نے بھی علاقےمیں امریکا، صیہونی حکومت، ان کے اتحادیوں اوردشمنان اسلام کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ حجت الاسلام کاظم صدیقی نے کہا کہ امریکا ایرانی عوام کے سلسلے میں غلط اندازوں کا شکار ہوگیا ہے اور اگر اس نے دوبارہ ایران کے خلاف سازش کرنے کی کوشش کی تو ایرانی عوام پہلے سے بھی زیادہ زور دار طمانچہ رسید کریں گے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰