رسا ںیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی سال کی بہترین کتاب کے لئے ایوارڈ کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ اسلامی انقلاب سے پہلے کا دور سامراج اور استبداد کے ہاتھوں ایرانی عوام کی تحقیر کا دور تھا جبکہ اسلامی انقلاب کی کامیابی نے ایرانیوں کی عزت و سربلندی کا راستہ ہموار کردیا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب نے ایرانی عوام کی رائے اور افکار و نظریات اور ان کے مذہبی و قومی تشخص کو سربلندی عطا کی اور ایران کی تہذیب و ثقافت اور فن و ہنر کو نئے مرحلے میں داخل کردیا۔صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے مزید کہا کہ اسلام کی آمد ایرانی تہذیب وتمدن کا ممتاز مرحلہ تھا جبکہ اسلامی انقلاب، ایران کی تاریخ کا اہم ترین موڑ ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ انسانی افکار و نظریات ہی مستقبل کی دنیا سے رابطہ کا واحد ذریعہ ہیں اور نظریات اسی وقت اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں جب انہیں تحریری شکل میں ذخیرہ کرلیا جائے اور کتاب اس کی بہترین مثال ہے۔واضح ہے کہ سال کی بہترین کتاب کے ایوارڈ کی تقریب میں متعدد ملکی اور غیر ملکی مصنفین کو قیمتی اور نفیس انعامات سے بھی نوازا گیا۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰