16 May 2018 - 14:36
News ID: 435952
فونت
امریکی سفارتخانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی اوراسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر تشدد کے خلاف پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے قرادادیں منظور کرلیں۔
پاکستانی پارلیمنٹ

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کی قومی اسمبلی میں منگل کو اسرائیلی فوج کی فلسطین کے نہتے شہریوں پر حالیہ فائرنگ اور اسرائیلی تشدد کے خلاف اپوزیشن کی قرارداد کو متفقہ طور پر منظورکرلیاگیا۔

پاکستان کی قومی اسمبلی نے امریکی سفارتخانے کی القدس منتقلی کی سخت مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیاہے کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم بند کرانے کے حوالے سے موثر اقدامات کیے جائیں۔

گزشتہ روزقومی اسمبلی میں وزیر مملکت برائے خزانہ راناافضل خان نے تحریک پیش کی کہ فلسطین کے حوالے سے قرارداد لانے کیلئے قاعدہ 88 کے تحت قواعد معطل کئے جائیں،قومی اسمبلی میں تحریک کواتفاق رائے سے منظورکرلیاگیا،بعدازاں پی ٹی آئی کی رہنماڈاکٹر شیریں مزاری نے فلسطین کے مظلوم عوام کے حق میں قرارداد پیش کی۔

قرارداد میں کہاگیاہے کہ ایوان غزہ میں فلسطین کے نہتے شہریوں پر اسرائیلی مظالم‘ فلسطین پر اسرائیلی قبضے اور امریکا کی طرف سے اپنا سفارتخانہ یروشلم منتقل کرنے کی سخت مذمت کرتاہے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کرتاہے کہ اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ اسرائیلی فوج کی حالیہ فائرنگ کے واقعہ پر گہری تشویش کااظہار کیاگیاہے۔

قومی اسمبلی نے قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔ دوسری جانب سینیٹ نے بھی اسرائیل کی مذمت اور فلسطینیوں کے حق میں قرارداد منظور کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے اسرائیلی مظالم روکنے کے لیے کردار ادا کرنے کامطالبہ کیا۔

قراردادمیں کہاگیاکہ سینیٹ فلسطین کے عوام پر اسرائیل کی طرف سے انسانیت سوزمظالم جس کے نتیجے میں 60 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے جن میں بچے بھی شامل ہیں کی شدید مذمت کرتی ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬