وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم کیخلاف کوئی موثر آواز بلند نہیں کی جا رہی ہے، ہم بے حسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں، عالم اسلام انتشار کا شکار استعماری ہتھکنڈوں میں جکڑا ہوا ہے، فلسطین اور کشمیر پر تو غیر مسلم ظلم کر رہے ہیں، مگر یمن اور بحرین میں مسلمان ہی مسلمانوں کو قتل کر رہے ہیں اور کوئی پرسان حال نہیں، ان مظالم کیخلاف آواز بلند کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔
علی مسجد جامعتہ المنتظر لاہور میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سید المرسلین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کی مشہور حدیث ہے کہ جس نے اس حالت میں صبح کی کہ مسلمانوں کے امور کی کوئی فکر نہ کی تو گویا وہ مسلمان ہی نہیں، ہمیں ان مظلوم مسلمانوں کا ضرور خیال کرنا چاہیے جو ظلم وبربریت کا شکار ہیں، اور عالمی برادری اور ذمہ دار اداروں کو جھنجوڑنا چاہیے کہ وہ مظلوموں کی داد رسی کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین، کشمیر، یمن اور بحرین کے مسلمان ہماری حمایت کے مستحق ہیں، فلسطین و کشمیر پر غیر مسلم مگر یمن و بحرین میں مسلمان مظالم ڈھا رہے ہیں، یمن کے بے کس، بے بس مسلمان قحط، بیماری اور بمباری کا نشانہ بنے ہوئے ہیں، ہر مسلمان پر فرض ہے کہ ان مظالم کیخلاف آواز بلند کرے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰