رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پارلیمنٹ نے اسرائیل کو خصوصی طور پر صہیونی ریاست کا درجہ دینے کا قانون منظور کرلیا ہے۔
اس متنازع بل کے حق میں 62 جبکہ مخالفت میں 55 ووٹ ڈالے گئے۔ اس قانون کے تحت بطور سرکاری زبان عربی کے درجے کو گھٹا دیا گیا ہے اور یہودی آبادکاری میں اضافے کو قومی مفاد قرار دیا گیا ہے۔
متنازع قانون میں مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) کو اسرائیل کا مکمل اور متحدہ دارالحکومت تسلیم کیا گیا ہے۔
اسرائیلی پارلیمنٹ کے عرب ارکان نے اس قانون سازی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے جمہوریت کی موت قرار دیا۔
اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نتن یاہو نے بل کو سراہتے ہوئے اس کی منظوری کو’فیصلہ کن لمحہ‘ قرار دیا۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی 90 لاکھ آبادی میں سے تقریباً 20 فیصد عرب ہیں جب کہ ملک میں ان کے ساتھ دوسرے درجے کے شہریوں جیسا بدترین سلوک کیا جاتا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/