رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی کانگریس کے بتیس ارکان نے سعودی عرب میں سیاسی اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی سرکوبی پر امریکی وزیرخارجہ کے نرم ردعمل پر ایک خط ارسال کر کے ان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور مطالبہ کیا کہ وہ سعودی عرب کی سخت الفاظ میں مذمت کریں۔
امریکی کانگریس کے ارکان نے وزیرخارجہ پمپیئو سے کہا ہے کہ سعودی عرب میں سیاسی اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی فوری رہائی کے لئے اقدام کریں۔
امریکی کانگریس کے ارکان نے اس خط میں کہا ہے کہ سعودی میں جس طرح سے انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والوں اور سیاسی کارکنوں کو کچلا جا رہا ہے اس پر امریکی وزیرخارجہ کا ڈھیلا ڈھالا ردعمل ناکافی ہے۔
امریکی ارکان کانگریس کے خط میں کہا گیا ہے کہ ہم امریکی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ امریکی معاشرے کی اقدار کی پابندی کرے اور کینیڈا کے ساتھ کھڑی ہو۔
بیان میں امریکی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سعودی عرب کی سماجی کارکن سمر بداوی اور دیگر سیاسی و انسانی حقوق اور سماجی کارکنوں کی فوری رہائی کے لئے اپنے سبھی وسائل و ذرائع بروئے کار لائے۔
کینیڈا کے ساتھ واشنگٹن کے کھڑے ہونے کا مطالبہ سعودی عرب اور کینیڈا کے درمیان انسانی حقوق کے مسئلے پر پیدا ہونے والے تنازعے کی جانب اشارہ ہے۔
سعودی عرب میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر کینیڈا کی جانب سے سخت تنقید پر سعودی عرب نے کینیڈا کے سفیر کو اپنے ملک سے نکال دیا ہے جبکہ کینیڈا نے بھی سعودی سفیر کو نکال دیا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/